پاکستانی ورلڈ کپ فائنل میں کسے فاتح دیکھنا چاہتے ہیں؟

پاکستانی ورلڈ کپ فائنل میں کسے فاتح دیکھنا چاہتے ہیں؟

لارڈز/لاہور: کرکٹ کے میدانوں سے پاکستانی شائقین کی دلچسپی کوئی نئی بات نہیں لیکن ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ شائقین کرکٹ قومی ٹیم کے علاوہ کسی دوسری ٹیم کی حمایت میں ایسے جوش و خروش کا مظاہرہ کریں جیسے اس بار کیا جا رہا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ ہو یا کوئی اور موقع سوشل میڈیا پر ایونٹ کے دن ہی ٹرینڈ بنتا ہے لیکن اس بار ناصرف ورلڈ کپ فائنل کا ٹرینڈ دو روز قبل بنا ہے بلکہ پاکستانیوں کی ٹائم لائنز پر نمایاں ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کو فاتح دیکھا چاہتے ہیں۔

ٹوئٹر صارفین نے ایک جانب جہاں 1992 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے والی انگلش ٹیم کے متعلق مختلف پہلوؤں پر بات کی ہے وہیں تقریبا نصف درجن مرتبہ ورلڈ کپ سیمی فائنل کھیلنے لیکن فائنل سے محروم رہنے والی کیوی ٹیم کے مختلف پہلوؤں کو بھی زیر بحث لایا ہے۔ 14 جولائی کے فاتح کا فیصلہ تو باقی ہے تاہم یہ بات طے ہے کہ اس بار کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی ایک ایسی ٹیم حاصل کرے گی جو اس سے قبل یہ اعزاز پانے سے محروم رہی ہے۔

ورلڈ کپ 2019 کا فاتح کون؟

پاکستان ٹرائب اردو کی جانب سے ٹوئٹر پر صارفین سے یہ سوال بھی پوچھا گیا کہ وہ 14 جولائی کو کسی فاتح دیکھنا چاہتے ہیں۔ جواب دینے والوں کی نمایاں اکثریت نے اپنی رائے کیویز کے حق میں دی۔

پاکستان کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی ان ٹوئٹر صارفین میں شامل رہے جنہوں نے کیویز کو سراہا، انہوں نے نیوزی لینڈ کو پاکستانیوں کی نئی محبت قرار دیا۔

کیویز سے قومی شائقین کرکٹ کی وابستگی کا اظہار مختلف انداز میں جاری ہے۔ ٹوئٹر پر فعال ترین پروفائلز میں سے ایک رکھنے والے احتشام الحق نامی ہینڈل نے کیوی کپتان ولیمسن کی تصویر شیئر کی جس میں انہیں پاکستانی ٹیم کی کٹ پہنے دکھایا گیا ہے۔

تمام تر دعووں اور کوششوں کے باوجود ورلڈ کپ سے باہر ہو جانے والی انڈین ٹیم سے متعلق بات کرتے ہوئے پاکستانی صحافی ساج صادق نے ایک دلچسپ پہلو کی جانب اشارہ کیا، انہوں نے بتایا کہ چودہ جولائی کو لارڈز میں فائنل کے فروخت شدہ ٹکٹس میں سے 41 فیصد انڈینز نے خریدے تھے۔ یقینی بات ہے کہ انڈین ٹیم کی کیویز کے ہاتھوں شکست کے بعد اب ٹکٹ خریدنے والوں کو یہ کوشش رائیگاں جاتی محسوس ہو گی۔

متعدد صارفین اس لیے بھی کیویز کی حمایت کرتے نظر آئے کہ انہوں نے ورلڈ کپ میں انڈین ٹیم کا سفر ختم کر کے اسے گھر بھیجا۔

عدالتی فیصلہ کے نتیجے میں نااہل ہونے والے حکمراں جماعت تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان کے بغیر ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا فائنل میں پہنچنا بہترین مرحلہ ہے۔

ورلڈ کپ فائنل میں پسندیدہ ٹیموں کی جیتنے کی خواہش ظاہر کرنے والے اپنی دلچسپی کی وجوہات کا ذکر بھی کرتے رہے۔ ثانیہ سعید نامی صارف نے لکھا کہ “نیوزی لینڈ اور انگلینڈ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچے ہیں، دونوں نے خاصی جدوجہد کی ہے لیکن کرائسٹ چرچ سانحہ کے بعد کیوی وزیراعظم جیسنڈرا آرڈرن کا مسلم متاثرین سے رویہ یاد کر کے دل چاہتا ہے کہ فاتح کیویز ہوں”۔

14 جولائی کو لارڈز سے جو بھی فاتح بن کر نکلے یہ بات طے ہے کہ اولمپکس اور فٹبال کے بعد دنیائے کھیل کا تیسرا بڑا ایونٹ کرکٹ ورلڈکپ 2019 تمام تر رنگینیوں کے ساتھ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں نے بلا شبہ عمدہ کھیل پیش کیا ہے۔ اس مرحلہ پر پاکستانی شائقین کرکٹ کی خاصی تعداد نیوزی لینڈ کو فاتح دیکھنے کی خواہاں نظر آتی ہے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *