پوری دنیا کی سیر کرنے والی کم عمر ترین لڑکی نے پاکستان کو پسندیدہ ملک قرار دے دیا

پوری دنیا کی سیر کرنے والی کم عمر ترین لڑکی  نے پاکستان کو پسندیدہ ملک قرار دے دیا

کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ لیکسی ایلفورڈ کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کے تمام ممالک کی سیر کرنے والی کم عمر ترین شخص ہیں۔ دنیا کے 196 ملکوں کی سیر کرنے کے بعد لیکسی نے پاکستان وینزویلا اور انڈونیشیا کو پسندیدہ ترین ملک قرار دیا ہے۔

لیکسی ایلفورڈ اپنا ریکارڈ باقاعدہ طور پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرانے کے لیے ادارے سے رابطہ کرچکی ہیں۔

اس کارروائی کے لیے انہوں نے پاسپورٹ، ٹکٹیں، رسیدیں اور تصاویر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی انتظامیہ کو بھجوا دی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے ہر ملک سے کم از کم دو گواہوں کے بیان لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل دنیا کے تمام ممالک کی سیر کرنے کا ریکارڈ 2013 میں برطانیہ کے 24 سالہ جیمز ایسکویتھ نے حاصل کیا تھا۔

لیکسی کا کہنا ہے کہ وہ 18 سال کی تھیں جب انہیں جیمز ایسکویتھ کے اس ریکارڈ کا علم ہوا تب انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ یہ ریکارڈ توڑیں گی۔ اس وقت وہ دنیا کے 72 ممالک گھوم چکی تھیں اور انہیں معلوم تھا کہ یہ کرنا ان کے لیے مشکل نہ ہو گا۔

لیکسی ایلفورڈ نے غیر ملکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں سے کسی ایک ملک کو پسندیدہ قرار دینا مشکل ہے مگر انہیں پاکستان، وینزویلا اور انڈونیشیا بہت پسند آئے۔

امریکی شہری کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں سیاحت ابھی زیادہ فروغ نہیں پا سکی مگر لوگوں کا رویہ انتہائی دوستانہ ہے۔ بظاہر اس خامی کا اچھا پہلو یہ ہے کہ مقامی افراد غیر ملکی سیاحوں سے نالاں ہونے کے بجائے انہیں اپنی روایات میں شامل کرکے خوش ہوتے ہیں۔

گزشتہ کچھ عرصہ میں تواتر سے غیر ملکی سیاحوں نے پاکستان کا رخ کرنا شروع کیا ہے۔ یہ سیاح ملک کے تاریخی مقامات کے علاوہ مقامی روایات کو عالمی برادری سے متعارف کرانے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔

مریم خالد

پاکستانی صحافی مریم خالد پاکستان ٹرائب کی ڈپٹی ایڈیٹر ہیں۔ سوشل میڈیا منیجمنٹ سے اپنی پروفیشنل لائف شروع کرنے والی مریم ہم نیوز کا حصہ بھی رہی ہیں۔ حالات حاضرہ اور لائف اسٹائل سمیت دیگر موضوعات پر لکھنے والی مریم ڈیجیٹل میڈیا استعمال ہی نہیں کرتیں، اسے جانتی بھی ہیں۔

3 thoughts on “پوری دنیا کی سیر کرنے والی کم عمر ترین لڑکی نے پاکستان کو پسندیدہ ملک قرار دے دیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *