ڈی سی اسلام آباد اور پاکستانی صحافی میں مثبت خبروں اور منفی پروپیگنڈا کا مکالمہ

ڈی سی اسلام آباد اور پاکستانی صحافی میں مثبت خبروں اور منفی پروپیگنڈا کا مکالمہ

اسلام آباد: ڈپٹی کشمنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور پاکستانی صحافی عمر چیمہ کے درمیان ٹوئٹر پر مثبت خبروں اور منفی پروپیگنڈا پر مبنی دلچسپ مکالمہ نے بہت سے سوشل میڈیا صارفین کو گفتگو کا شریک بنا دیا۔

ٹوئٹر پر فعال ترین انتظامی شخصیات میں ایک شمار کیے جانے والے حمزہ شفقات نے 11 مئی کو وفاقی دارالحکومت میں سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری قیمتوں کی ایک فہرست شیئر کی تھی۔ اس فہرست سے قبل اور بعد میں وہ انتظامیہ کے ان اقدامات کو بھی سوشل میڈیا صارفین سے شیئر کرتے رہے جو قیمتیں یکساں رکھنے اور منافع خوری روکنے کے تناظر میں کی جاتی رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی شیئر کردہ فہرست کو اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے عمر چیمہ نامی صحافی نے ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اس ریٹ لسٹ کا مقصد عوام تک مثبت خبریں پہنچانا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

حکومت اور حکومتی اقدامات پر تنقید سمیت بدعنوانی سے متعلق خبریں سامنے لانے کی شہرت رکھنے والے عمر چیمہ کی ٹویٹ پر متعدد صارفین نے ان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے ہر علاقے میں من مانی قیمتیں وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
کچھ صارفین کا خیال تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پرائس کنٹرول کی کوشش کے دوران دکان دار سرکاری قیمتیں اختیار کر لیتے ہیں جب کہ ان کی عدم موجودگی میں من مانے نرخ وصول کیے جاتے ہیں۔

عمر چیمہ کے موقف سے اختلاف رکھنے والے کچھ ٹوئٹر صارفین کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ قابل قدر کوششیں کر رہی ہے جس سے صورتحال میں بہتری آئی ہے۔


عمر چیمہ کی جوابی ٹویٹ اور اس پر ہونے والی گفتگو جاری تھی کہ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات ایک بار پھر میدان میں آئے۔ اس بار انہوں نے لگی لپٹی رکھے بغیر دو ٹوک انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی پوسٹ کا مطلب عوام تک صرف منفی پروپیگنڈا پہچانا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اس موقع پر متعدد سوشل میڈیا صارفین نے حمزہ شفقات کی حمایت کرتے ہوئے عمر چیمہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ڈاکٹر عمر چھینا نامی صارف نے لکھا کہ وہ خود منڈی سے سامان خرید کر لائے ہیں، وہاں سامان موجود بھی ہے اور وافر بھی ہے۔


تندوتیز گفتگو کے دوران کچھ صارف ایسے بھی تھے جو حمزہ شفقات کی فعالیت کے بعد ان کی بزلہ سنجی کو سراہتے دکھائی دیے۔ پاکستانی صحافی شاہد عباسی نے حمزہ شفقات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *