جلد ایک ارب ملازمتوں کا اعلان کریں گے، فیصل واوڈا

جلد ایک ارب ملازمتوں کا اعلان کریں گے، فیصل واوڈا

اسلام آباد: پی ٹی آئی حکومت کے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ حکومت آئندہ دو ہفتوں میں ایک ارب ملازمتوں کا اعلان کرے گی۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی پی) کی جاری کردہ خبر میں ایک نجی نیوز چینل کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر سے منسوب بیان میں ایک ارب ملازمتوں کی نوید سنائی گئی ہے۔

فیصل واوڈا نے نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی اور بدحال معیشت کی ذمہ داری مسلم لیگ نواز پر عائد ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی غلط پالیسیاں ملازمتیں نہ ہونے کی بڑی وجہ ہے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے حکومت بنانے کے لیے عوامی مینڈیٹ حاصل کیا ہے اور وہی لوگ اب بھی حکومت کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ن لیگ اپنی ساکھ کھو کر لوگوں کی حمایت سے محروم ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور توانائی بحران ن لیگی حکومت کے دوران بڑے مسائل رہے لیکن وہ ان مسائل کو ختم کرنے کے لیے منصوبے متعارف کرانے کے بجائے سڑکیں بنانے اور دولت کمانے میں مصروف رہے۔

پاکستان میں ہونے والی گزشتہ مردم شماری کے مطابق ملکی آبادی 22 کروڑ افراد پر مشتمل ہے۔ وفاقی وزیر کے اعلان کے مطابق حکومت دو ہفتوں میں ایک ارب ملازمتوں کی پیشکش کرتی ہے تو افرادی قوت کے لیے بیرون ملک سے رجوع کرنا ہو گا۔

جیو نیوز کے میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ چند ہفتوں کے لیے عوام کو مشکلات برداشت کرنا ہوں گی اس کے بعد حالات جلد بہتر ہونے والے ہیں۔ مہنگائی میری حکومت نہیں لائی یہ گزشتہ 35 برسوں میں لیے گئے قرضوں کا نتیجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ہفتوں میں صورت حال اتنی بہتر ہو جائی گی کہ پان والا بھی کہے گا کہ مجھ سے ٹیکس لے لو۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

فی الوقت ای کھوکھا مصنوعات کی ڈیلیوری صرف اسلام آباد میں دی جا رہی ہے۔ Dismiss