غربت کا خاتمہ: دو کی جگہ ایک روٹی کھائیں، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

غربت کا خاتمہ: دو کی جگہ ایک روٹی کھائیں، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

پشاور: پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بننے والے مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ اگر دو روٹیاں کھانے والا فرد ایک کھانا شروع کر دے تو آئندہ دنوں میں وہ دو یا تین روٹیاں کھانے کی استطاعت پیدا کر سکتا ہے۔

خیبر یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام پشاور پریس کلب میں منعقدہ میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ غربت ختم کرنے اور مہنگائی سے نجات کے لیے ہمیں بچت کی عادت پیدا کرنا ہو گی۔

مہنگائی اور غربت کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ بچت کی عادت اپنا لیں تو غربت بڑی حد تک ختم کی جا سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپنی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اپنی وابستگی سے قطع نظر غیر جانبداری برتنا ان کے منصب کا تقاضہ ہے۔

پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کو پانچ ارب روپے کی ریکوری پر سراہتے ہوئے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں مزید ریکوری ہو سکے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

پیر کے روز سامنے آنے والی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مہنگائی کی شرح نمو بڑھ کر 9.41 ہو چکی ہے۔

سوشل میڈیا کا ردعمل

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کا نسبتا غیر متوقع بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اس پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

اس معاملہ پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم یوسف زئی نامی ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ یہ بات کر کے انہوں نے اپنی ذہانت کا مظاہر کیا ہے۔

فوزان شاہد

مطالعہ اور لکھنے کا عمدہ ذوق رکھنے والے فوزان شاہد پاکستان ٹرائب کے ڈپٹی ایڈیٹر ہیں۔ وہ سیکیورٹی ایشوز سمیت سماجی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر لکھتے ہیں۔ Twitter: @FawzanShahid

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *