سیاست نہیں صرف... ڈیرن سیمی کا پاکستانی صحافی سے دلچسپ مکالمہ | pakistantribe.com/urdu

سیاست نہیں صرف… ڈیرن سیمی کا پاکستانی صحافی سے دلچسپ مکالمہ

کراچی: پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور پاکستانی صحافی کے درمیان دلچسپ مکالمہ نے سیاست کے بجائے محبت اور پہلے انکار پھر اقرار کی یادیں تازہ کر دیں۔

ڈیرن سیمی ان غیر ملکی کرکٹرز میں سے  ہیں جنہیں ان کی دلچسپ اور متنوع سرگرمیوں کی وجہ سے پاکستان میں خصوصی محبت سے نوازا جاتا ہے۔

ڈیرن سیمی نے مزار قائد پر اپنی حاضری کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی آخری آرام گاہ آنے پر اچھا محسوس کررہے ہیں۔ قائد اعظمؒ کے مشہور زمانہ پیغام ایمان، اتحاد اور تنظیم کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیرن سیمی نے تسلیم کیا کہ یہ اصول دنیا کو ایک بہتر مقام بنا سکتا ہے۔

تصویر اور پیغام پر متعدد پاکستانیوں نے ڈیرن سیمی کو سراہا، کچھ نے انہیں مزید فعالیت کے لیے مشورے بھی دیے۔ پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ کام کرنے والے صحافی وسیم عباسی نے انہیں جواب دیا جو ایک مکالمہ کی صورت اختیار کر گیا۔

وسیم عباسی نے چند روز قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کا ایک جملہ دہرایا، جس میں انہوں نے محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق سوشل میڈیا کی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ولی عہد پاکستان میں الیکشن لڑیں تو وہ جیت سکتے ہیں۔

وسیم عباسی نے ڈیرن سیمی کو لکھا کہ اگر آپ پاکستان میں الیکشن لڑیں تو آپ فلاں (؟) سے زیادہ ووٹ لے سکتے ہیں۔

پاکستانی صحافی کی چلبلی سوال نما تجویز کا جواب دیتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ سیاست نہیں، محبت ہی جواب ہے۔ وسیم عباسی کے سوال اور ڈیرن سیمی کے جواب کو سوشل میڈیا صارفین نے بڑی تعداد میں سراہا تاہم یہ گفتگو یہاں ختم نہیں ہوئی۔

وسیم عباسی نے ایک بار پھر پاکستانی سیاست کے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ دو دہائیاں قبل ایک کرکٹر نے سیاست نہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج وہ ہمارے وزیراعظم ہیں۔

کرکٹ کیریئر کے دوران عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتے اور کبھی اس محاذ کا رخ نہیں کریں گے۔

ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی اپنی ٹیم پشاور زلمی کے ہمراہ کراچی پہنچے ہیں جہاں وہ ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلہ میں شریک ہو رہے ہیں۔ پیر کے روز پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں