ٹرمپ بھی پاک بھارت کشیدگی پر بے چین، سعودی وزیر خارجہ کا پاکستان آنے کا اعلان | pakistantribe.com/urdu/

ٹرمپ بھی پاک بھارت کشیدگی پر بے چین، سعودی وزیر خارجہ کا پاکستان آنے کا اعلان

اسلام آباد: امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی پر اظہار تشویش کے بعد سعودی وزیر خارجہ نے بھی پاکستان آنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دہائیوں سے جاری کشیدگی ختم ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ موجودہ صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، ہمیں جو خبریں مل رہی ہیں، ان کے مطابق کشید گی جلد ختم ہوجائے گی۔

دوسری جانب جمعرات کو پاکستانی کابینہ کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر پاکستان کے دورہ پر آ رہے ہیں۔

کابینہ اجلاس کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور کابینہ نے بہترین خارجہ پالیسی اپنانے اور اس کشیدہ صورتحال میں بہترین سفارتکاری پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزارت خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ صدر ٹرمپ نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے مداخلت کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں: بھارتی پائلٹ کی واپسی سے امن ہوتا ہے تو ہم تیار ہیں، پاکستان کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں امریکا کی مداخلت خطے میں امن و امان کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ رات میری سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی اور انہوں نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا جسے میں نے خوش آمدید کہا۔ آج سعودی وزیر خارجہ کراؤن پرنس کا اہم پیغام لے کر پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ ہم امن و امان کے داعی ہیں۔ ہم شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ ہندوستان کی طرف سے خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش سیاسی مقاصد کے تحت ہے۔

بھارت میں الیکشن سے قبل کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تو بی جے پی کے لیڈر خود مان رہے ہیں کہ پاکستان کی حدود میں فضائی حملے سے ہمیں لوک سبھا میں بائیس نشستیں زیادہ ملیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں