کراچی کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والا مطلوب ترین گروہ پکڑا گیا | pakistantribe.com/urdu

کراچی کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والا مطلوب ترین گروہ پکڑا گیا

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے تعلیمی اداروں میں مہلک منشیات فراہم کرنے والا مطلوب ترین گروہ پکڑا گیا ہے۔

پاکستان ٹرائب کے نمائندہ کے مطابق تین مردوں اور تین لڑکیوں پر مشتمل گروہ آئس جیسا مہلک نشہ تعلیمی اداروں میں فراہم کرتا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار کیا گیا چھ رکنی گروہ مختلف افراد کی جانب سے کال کرنے پر انہیں گاڑیوں میں بھی منشیات فراہم کیا کرتا تھا۔

گرفتار ہونے والا گروہ خاندان کی صورت میں سفر کرتا، پولیس وغیرہ کو دیکھ کر گاڑی میں موجود لڑکیاں منشیات اپنے پاس چھپا لیا کرتی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفت میں آنے والے گروہ سے برآمد ہونے والے موبائل فونز کا ڈیٹا تشویشناک ہے، اس سے منشیات فروشوں کے مختلف رابطوں اور گاہکوں کی نشاندہی ہو رہی ہے۔

کراچی سمیت پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں میں منشیات خصوصا آئس وغیرہ کی سپلائی کے متعلق تشویشناک اعدادوشمار تسلسل سے سامنے آتے رہے ہیں۔ وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی بھی ایک تقریب میں تسلیم کر چکے ہیں کہ مہنگے ترین تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کی اکثریت منشیات استعمال کرنے کی عادی ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں