فضائی حملہ کا بھارتی دعوی مسترد، پاکستان کا جوابی کارروائی کیلیے وقت اور جگہ کا تعین خود کرنے کا اعلان | pakistantribe.com/urdu/

فضائی حملہ کا بھارتی دعوی مسترد، پاکستان کا جوابی کارروائی کیلیے وقت اور جگہ کا تعین خود کرنے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فضائیہ کی جانب سے اپنی حدود میں مبینہ دہشت گرد کیمپ کو نشانہ بنانے کا دعوی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کے جنگی جہازوں کی دراندازی کی کوشش پاک فضائیہ نے ناکام بنا دی ہے۔

منگل کی دوپہر قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بالاکوٹ کے قریب مبینہ دہشت گرد کیمپ کو نشانہ بنانے کا دعوی مسترد کرتے ہیں۔ انڈین حکومت نے ایک بار پھر خودساختہ، بے بنیاد اور مشکوک دعوی کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس ایوان وزیراعظم میں منعقد ہوا۔ وزرائے خارجہ، دفاع، خزانہ سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، آرمی چیف، نیول چیف، ایئرفورس سربراہ اور سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی انتخابی ماحول میں فائدہ اٹھانے کے لیے کی گئی ہے جس سے علاقائی سلامتی بدترین خدشات کا نشانہ بنی ہے۔

پاکستان نے کہا کہ جس علاقہ کے بارے میں دعوی کیا گیا ہے وہ دنیا بھر کے لیے کھلا ہے، اس مقصد کے لیے مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کو متاثرہ علاقہ میں لے جایا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا کہ انڈین جارحیت کا جواب اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر دیا جائے گا۔

قوم کو اعتماد میں لینے کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا بھی اجلاس طلب کیا گیا ہے جو 27 فروری بدھ کو منعقد کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے مسلح افواج، عوام سمیت قومی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ مراحل کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے عالمی قیادت سے رابطہ کر کے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کو سامنے لانے کا بھی فیصلہ کیا۔

عمران خان نے پاکستان ایئر فورس کی جانب سے بروقت جواب اور کسی جانی ومالی نقصان کے نہ ہونے کو سراہا۔

بھارتی کے سیکرٹری خارجہ نے منگل کو نیوز بریفنگ کے دوران دعوی کیا تھا کہ انڈین فضائیہ نے مبینہ دہشت گرد کیمپ کی انٹیلی جنس اطلاع پر لائن آف کنٹرول کے ساتھ کارروائی کی ہے جس میں کیمپ کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں منگل کی صبح انڈین میڈیا نے دعوی کیا تھا کہ انڈین فضائیہ کے 12 طیاروں نے کارروائی کی جس میں کیمپ کی تباہی کے علاوہ 200 سے زائد مسلح افراد کو ہلاک کیا گیا ہے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے منگل کی صبح کی گئی ٹویٹ میں کہا تھا کہ انڈین فضائیہ نے ایل او سی کے ساتھ مظفرآباد سیکٹر میں دراندازی کی جسے ناکام بنانے کے لیے پاکستان ایئرفورس نے کارروائی کی تو انڈین جنگی جہاز اپنا سامان بالاکوٹ پر گرا کر واپس لوٹ گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں