خیبرپختونخوا میں خزانہ کی تلاش میں قدیم قبرستان کی بیحرمتی کرنے والے انجام کو پہنچ گئے

خیبرپختونخوا میں خزانہ کی تلاش میں قدیم قبرستان کی بیحرمتی کرنے والے انجام کو پہنچ گئے

پشاور:‌کوہاٹ پولیس نے خزانے کی تلاش میں قدیم زیارت مسمار کرنیوالے گروہ کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔زیر حراست ملزم ارشاد الرحمان کے دیگر دوساتھی پہلے ہی گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی بھاری مشینری اور ایکسیویٹر گاڑی بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لی ہے۔

ملزمان نے گزشتہ ہفتے رات کی تاریکی میں نواحی علاقے میں واقع معروف بادو زیارت کو مسمار کرکے قبریں بھی کھودی تھیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ بلی ٹنگ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جن سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے ملزمان نے رات کی تاریکی میں شادی خیل روڈ پر واقع معروف اور قدیم ترین بادو زیارت کی عمارت کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کرکے زیارت میں موجود قدیم قبروں کی کھدائی کی تھی۔

واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود نے ایس پی آپریشنز صلاح الدین کنڈی کی سربراہی میں پولیس کی خصوصی سراغ رساں ٹیم تشکیل دیکر مرتکب ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

یہ بھی دیکھیں: خیبرپختونخوا میں اسمارٹ سٹیزن اینڈ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن منصوبہ پر پیشرفت

پولیس کی سراغ رساں ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے اہم شواہد اکٹھے کئے اور واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ پولیس نے متعدد افراد کو شامل تفتیش کرنے اور جدید طریقہ تفتیش سے استفادہ کرنے کے دوران واقعے کے مرتکب ملزمان کا کھوج لگایا اور پولیس ٹیم نے ایس ایچ او تھانہ بلی ٹنگ کریمان علی کی قیادت میں مختلف مقامات پر چھاپے مار کردو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری مشینری اور ایکسیویٹر گاڑی برآمد کرلی ۔

پولیس نے زیر حراست ملزمان کی نشاندہی پر گزشتہ روز دوسری بار کاروائی عمل میں لاتے ہوئے واردات کے مرکزی ملزم ارشاد الرحمان کو بھی گرفتار کرلیا۔زیر حراست ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں انکشاف کیا ہے کہ وہ خزانے کی تلاش میں قدیم زیارت کو مسمار کرکے قبریں کھودتے رہے ہیں اور اس واردات کیلیے انہوں نے رات کی تاریکی کا انتخاب کیا تھا۔

پولیس نے زیر حراست ملزمان کے خلاف تھانہ بلی ٹنگ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے، زیر حراست ملزمان سے مزید اہم انکشافات کی بھی توقع کی جارہی ہے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

One thought on “خیبرپختونخوا میں خزانہ کی تلاش میں قدیم قبرستان کی بیحرمتی کرنے والے انجام کو پہنچ گئے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *