پاکستان آسٹریلیا کو کراچی میں میچز کھیلنے کی پیشکش کرے گا | pakistantribe.com/urdu/

پاکستان آسٹریلیا کو کراچی میں میچز کھیلنے کی پیشکش کرے گا

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلہ کیا ہے کہ آسٹریلیا کو کراچی میں میچز کھیلنے کی پیشکش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ برس 17 مارچ کو پاکستان سپر لیگ فور کے فائنل کے بعد آسٹریلیا کو کراچی میں دو ایک روزہ میچ کھیلنے کی دعوت دی جائے گی۔

پاکستان کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت گرین شرٹس آئندہ برس آسٹریلیا کے ساتھ 5 ایک روزہ میچز کھیلیں گی۔ یہ مقابلے 19 سے 31 مارچ کے دوران منعقد کیے جائیں گے۔

دوسری جانب آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس بالنگ کے لیے اسپنرز کو زیادہ استعمال کرتی ہیں۔ ان کا سامنا کرنے کے لیے میں اپنے انداز کو برقرار رکھوں گا۔

دنیائے کرکٹ کے عمدہ بلے بازوں میں سے ایک گنے جانے والے ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف جس نمبر پر کھیلنے کو بھیجا گیا کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کروں گا۔

ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پہلے ٹیسٹ ٹور کی وجہ سے بہت پرجوش اور کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں