عمران خان کل دو روزہ دورہ پر سعودی عرب جائیں‌گے | pakistantribe.com/urdu/

عمران خان سعودی عرب، متحدہ عرب امارات جائیں‌ گے

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نئی حکومت کے قیام اور اپنے حلف کے بعد پہلے غیر ملکی دورہ پر کل سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دو دورہ دورہ کے پہلے مرحلہ پر عمران خان کل سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

پاکستانی وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے دوران مدینہ منورہ میں واقع روضہ رسولﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔ عمران خان کے غیر ملکی دورہ کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیرخزانہ اسد عمر سمیت مشیر تجارت بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ سعودی فرماں روا شاہ سلمان وزیراعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔

دورہ کی سرگرمیوں کے متعلق کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے وزراء اپنے سعودی ہم منصبوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

سعودی عرب میں قیام کے دوران او آئی سی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یوسف بن احمد بھی عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

بدھ کی شام کو وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ متحدہ عرب امارات پہنچیں گے جہاں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید النہیان وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر استقبال کریں گے۔

وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں