اسلام آباد سے 2 ملزمان گرفتار، 400 بوتلیں شراب برآمد | pakistantribe.com/urdu/

اسلام آباد سے 2 ملزمان گرفتار، 400 بوتلیں شراب برآمد

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے سیکٹر جی 11 سے متصل کچی آبادی میرا آبادی سے 400 بوتلیں شراب برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔

اسلام آباد کے تھانہ رمنا پولیس کی کارروائی میں شکیل مسیح اور عمران مسیح نامی مبینہ شراب فروشوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔

تھانہ رمنا پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے شراب کی 400 بوتلیں بھی قبضہ میں لی گئی ہیں۔

پولیس کا دعوی ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمان ملزمان میرا آبادی (سیکٹر جی 12) میں شراب فروشی کا کام کرتے تھے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے کارروائی کے بعد جاری کی گئی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان شراب کی بوتلوں سمیت دیگر مشکوک سامان کے ہمراہ کھڑے ہیں۔

اسلام آباد پولیس مختلف مواقع پر میرا آبادی سمیت کچی آبادیوں سے ملزمان کو گرفتار کرنے اور غیر قانونی کاموں کے خلاف کارروائیوں کا اعلان کرتی رہی ہے تاہم ان علاقوں میں جرائم کا سدباب نہیں کیا جا سکا ہے۔

اسلام آباد شہر سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ یا موٹروے کی طرف جاتے ہوئے کشمیر ہائی وے سے متصل میرا آبادی میں کی گئی حالیہ کارروائی کے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مزید اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

تھانہ رمنا پولیس نے حالیہ کارروائی کے بارے میں یہ نہیں بتایا کہ مبینہ ملزمان شراب کیسے حاصل کرتے تھے اور اسے کہاں سپلائی کیا کرتے تھے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں