خوشحال خان خٹک ایکسپریس حادثہ: 20 مسافر زخمی متعدد کوچز تباہ

خوشحال خان خٹک ایکسپریس حادثہ: 20 مسافر زخمی متعدد کوچز تباہ

میانوالی:‌ کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان ایکسپریس کی 7 بوگیاں اور انجن پٹڑی سے اترنے کے بعد الٹ گئے۔ ٹرین کی کوچز الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 20 مسافر زخمی ہوئے۔

نمائندہ پاکستان ٹرائب کے مطابق میانوالی کے مسان ریلوے اسٹیشن کے قریب سوہان برج پر کراچی سے برراستہ میانوالی پشاور جانے والی خوشحال خان ایکسپریس کی بوگیاں اور انجن الٹ گیا۔

مسافر کوچز الٹنے سے 15 مسافر زخمی ہوئے جنہیں جائے حادثہ کے علاوہ قریب موجود طبی مراکز سے فرسٹ ایڈ مہیا کی گئی۔ مقامی افراد اور طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو داؤدخیل اور کالاباغ کے اسپتالوں میں پہنچایا گیا جہاں تمام مسافروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ترجمان محکمہ ریلوے کے مطابق حادثہ کی اطلاع ملتے ہی میانوالی سے ریسکیو کی 4 ایمبولینسیں اور کندیاں جنکشن سے ریلیف ٹرین روانہ کی گئی ہے۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹرین الٹنے کی جگہ پر زمینی راستہ نہ ہونے کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو 5 کلومیٹر پیدل چل کر جائے حادثہ پر پہنچنا پڑا۔

خوشحال خان خٹک ایکسپریس کے حادثہ کہ بعد کندیاں راولپنڈی سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔ 2 روز قبل وزیراعظم عمران خان نے میانوال ایکسپریس ریل کا افتتاح کیا تھا، حادثہ کے بعد میانوالی ایکسپریس بھی کندیاں جنکشن سے راولپنڈی کے لیے روانہ نہ ہوسکی۔

حادثہ کے 5 گھنٹوں بعد ٹریک کی مرمت کا کام شروع کیا گیا ہے۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ ٹریک مکمل تباہ ہوچکا ہے مرمت میں ایک دن لگ سکتا ہے۔

محکمہ ریلوے کے حکام کا کہنا ہے کہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس کے حادثہ میں 3 کوچز مکمل طور پر تباہ ہوئی ہیں۔ معاملہ کی چھان بین کے لیے  افسران جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں جو وجوہات کا جائزہ لینے کی کوشش کریں گے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *