سعودی شہر نجران پر حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام | pakistantribe.com/urdu

سعودی شہر نجران پر حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام

ریاض: سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر نجران پر حوثی باغیوں کی جانب سے کیا گیا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ سعودی دفاعی نظام نے بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نجران پر داغے گئے میزائل کو ناکارہ بنانے کے دوران علاقے میں میزائل کے شیل گرنے سے 23 سعودی شہری زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میزائل کے شیل گرنے سے زخمی ہونے والے شہریوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

یہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران نجران شہر کو نشانہ بنانے کی دوسری کوشش تھی۔ ایک روز پہلے بھی حوثیوں نے نجران پر ناکام میزائل حملہ کیا تھا۔

سعودی میڈیا میں عرب اتحاد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائل حملہ بدھ کے روز کیا گیا تھا۔

عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترک المالکی نے تصدیق کی ہے کہ 23 افراد شیل وغیرہ لگنے سے زخمی ہوئے ہیں لیکن کسی کی حالت تشویشانک نہیں ہے۔

حالیہ حملہ کے بعد ایران کی پشت پناہی سے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے حوثی باغیوں کے میزائل حملوں کی تعداد 187 ہو چکی ہے۔ عرب عسکری اتحاد کے مطابق ان حملوں میں گنجان آباد علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں