‘کاکا شرارتی’ پی ٹی آئی کیلئے ہزیمت کی وجہ بن گیا

‘کاکا شرارتی’ پی ٹی آئی کیلئے ہزیمت کی وجہ بن گیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے لئے ٹوٹر پر فعال ہینڈلز میں سے ایک ‘کاکا شرارتی’ پی ٹی آئی کے لئے ہزیمت کی وجہ بن گیا۔

یہ معاملہ نجی میڈیا گروپ جنگ کے انگریزی اخبار سے وابستہ صحافی عمر چیمہ کی جانب سے عمران خان کے دوران عدت نکاح کی اسٹوری کے بعد سامنے آیا۔

اس ٹرینڈ کو لانچ کرنے کے لئے مبینہ طور پر پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ٹوٹر ہینڈل @rz375 نے خود کو تبدیل کر کے @LubnaCheema01 کی شناخت اختیار کی۔

پاکستان ٹرائب کی جانب سے لئے گئے جائزے کے دوران بھی یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ اکاؤنٹ ماضی میں ‘کاکا شرارتی’ کے نام سے فعال رہا ہے۔ ٹوٹر ہینڈلز کی شناخت ظاہر کرنے والے ٹولز کے مطابق مائیکروبلاگنگ سائٹ کا یہ ہینڈل ماضی میں ‘کاکا شرارتی’ کے یوزر نیم سے آپریٹ کرتا رہا ہے۔

#LubnaCheemaPregnancy کا ٹوٹر ٹرینڈ لانچ کرنے اور اسے کچھ ہی دیر میں نمایاں کرنے والا ہینڈل اور اس سے متعلق اکاؤنٹ اب ٹوٹر سے ڈیلیٹ کر دیے گئے ہیں۔

اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب انٹرنیشنل کونسل آف انویسٹی گیٹو جرنلزم (آئی سے آئی جے) سے وابستہ پاکستانی صحافی نے اعلان کیا کہ وہ ‘بدتمیزی کرنے والوں کا ڈیٹا محفوظ کر رہے ہیں، جسے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو دیا جائے گا۔’

عمر چیمہ کے ساتھی صحافیوں احمد نورانی اور وسیم عباسی نے اس بات کی وضاحت کی کہ شرمناک ٹرینڈ کا نشانہ بنائے جانے والی خاتون عمر چیمہ کی بیٹی نہیں ہے۔ وسیم عباسی کا کہنا تھا کہ لبنی نام کی کوئی بچی عمر چیمہ کی بیٹی نہیں ہے۔

وسیم عباسی نے یہ وضاحت بھی کی کہ مذکورہ ہینڈل کو ٹوٹر پر تلاش کیا جائے تو پی ٹی آئی کی لبنی مل سکتی ہے۔

‘کاکا شرارتی’ سے تبدیل ہو کر ‘لبنی چیمہ’ کا نام اختیار کرنے والے ہینڈل نے ٹویٹ کی تھی کہ “وہ تین ماہ کی حاملہ تھی، تاہم اطلاع ملنے پر اپنے والد (عمرچیمہ) نے اسے مارا اور اسقاط حمل کا کہا، جس پر وہ گھر سے بھاگ گئی۔”

عمر چیمہ نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی اس بات سے انکار کر رہی ہے کہ مذکورہ ٹرینڈ اس کی جانب سے لانچ نہیں کیا گیا۔ البتہ مجھے فون اور سوشل میڈیا پر بدترین ردعمل دینے والے خود کو پی ٹی آئی سے وابستہ کہہ رہے ہیں۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *