ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو برطرف کر دیا گیا، ذرائع

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو برطرف کر دیا گیا، ذرائع

کراچی:‌مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان کو قتل کرنے کی پاداش میں ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ہفتے کو سامنے آنے والی اطلاع میں ذرائع کا کہنا ہے کہ راؤ انوار کو عہدے سے ہٹائے جانے کا اقدام پولیس کی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر عمل میں‌لایا گیا ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی نے آئی جی سندھ کو بھیجی جانے والی سفارشات میں‌مقابلے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ نقیب اللہ کے دہشتگردی میں‌ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

دریں اثناء راؤ انوار نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں اپنے خلاف کارروائی کی سفارش کو سمجھ سے بالاتر قرار دیتے ہوئے پولیس مقابلے کو درست ثابت کرنے کا دعوی کیا۔

یہ بھی دیکھیں: نقیب اللہ ہلاکت، ثابت کروں گا پولیس مقابلہ جعلی نہیں تھا، راؤ انوار

ایس ایس پی راؤ انوار نے کہا کہ ’13 جنوری کو پولیس مقابلے کے بعد پہنچا اور مقابلے کا مقدمہ بھی ایس ایچ او شاہ لطیف کی مدعیت میں درج کیا گیا اس لیے میرے خلاف کارروائی کی سفارش سمجھ سےباہر ہے‘۔

راؤ انوار نے نقیب اللہ محسود کے قتل کا سبب بننے والے پولیس مقابلہ کا دفاع کرتے ہوئے اپنے خلاف سفارشات دینے والی تحقیقاتی کمیٹی کے رکن ڈی آئی جی سلطان خواجہ پر تحفظات کا اظہار کر ڈالا۔

ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیٹی کے رکن سلطان خواجہ نے ایس ایچ او شاہ لطیف کو کہا کہ تم بیان دو ہم تمہیں بچا لیں گے۔

راؤ انور کا کہنا تھا کہ وہ ثابت کریں گے کہ پولیس مقابلہ جعلی نہیں تھا اور انہیں امید ہے کہ سپریم کورٹ ان کے ساتھ انصاف کرے گی۔

یاد رہے کہ 13 جنوری کو پولیس مقابلے میں مارے جانے والے مبینہ دہشتگردوں میں‌ سے ایک نقیب اللہ محسود کے بارے میں‌ لواحقین کا کہنا تھا کہ اسے جھوٹے الزام میں مارا گیا ہے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *