زینب کے قاتل کے قریب پہنچ گئے ہیں، پنجاب حکومت

زینب کے قاتل کے قریب پہنچ گئے ہیں، پنجاب حکومت

قصور: پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سائنٹیفک بنیادوں پر جاری تفتیشی عمل کے ذریعے زینب کے قاتل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

جمعہ کو کی گئی نیوز کانفرنس میں پنجاب حکومت کے ترجمان ملک محمد احمد کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر واقعہ سے متعلق پیشرفت سے سب کو آگاہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہوئے واقعات کے شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ واقعے کے پیچھے کوئی سیریل کلر موجود ہے۔

صوبائی وزراء اور مقامی اراکین اسمبلی کی موجودگی میں کی گئی پریس کانفرنس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ سی سی ٹی وی ویڈیوز سے ملنے والے شواہد کے ذریعے ملزم کے قریب پہنچ چکے ہیں تاہم اطلاعات ظاہر نہیں کر سکتے۔

قبل ازیں صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود کا کہنا تھا کہ واقعہ سے جڑے کچھ مشتبہ افراد زیر حراست ہیں۔ تفتیشی عمل جاری ہے جلد پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ شہر پر آنے والی اس مصیبت کا حل ضرور تلاش کریں گے۔ وزیراعلی نے دو صوبائی وزراء کو مسئلہ حل کرنے کے لئے جاری کوششوں کی نگرانی کے لئے قصور بھیجا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ شہریوں کے ساتھ مل کر بابا بھلے شاہ کے علاقے کو اس کا امن لوٹائیں گے۔ تفتیشی عمل کو میرٹ کے مطابق آگے بڑھائیں گے۔ تمام مساجد سے اعلانات کروائیں گے کہ شہر کا امن خراب نہ کیا جائے۔

پنجاب حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ امن بحال ہونا اس لئے لازم ہے کہ زینب کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے قرار واقعی کام کیا جا سکے۔

ایک ہفتہ قبل اغواء ہونے کے بعد 4 دن تک لاپتہ رہنے اور پھر مقامی کچرا کنڈی سے لاش کی صورت ملنے والی زینب کے قاتل کے لئے انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت پر سطح تک جائے گی۔

صوبائی وزراء نے نیوز کانفرنس میں شہریوں سے درخواست کی کہ املاک کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *