پشاور NA4 ضمنی انتخاب کے نتائج اور پارٹی پوزیشنز

پشاور NA4 ضمنی انتخاب کے نتائج اور پارٹی پوزیشنز

پشاور: ملک کے شمال مغربی صوبے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 4 میں ضمنی انتخاب کے اب تک سامنے آنے والے غیرحتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کر لی۔

مبصرین کے مطابق اگرچہ حتمی نتائج کا اعلان باقی ہے تاہم پی ٹی آئی امیدوار کی حاصل کردہ برتری محفوظ مقام پر آچکی ہے جہاں انہیں شکست دینا ناممکن لگ رہا ہے۔

اپنی جماعت چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے اور پھر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے والے ارباب عامر کے گھر اور محلے میں انتخابی کامیابی کے بعد مسلسل جشن کا سماں رہا ہے۔

تحریک انصاف نے اسے صوبے میں اپنی مقبولیت کے استحکام سے تعبیر کیا ہے جب کہ سیاسی مخالفین کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب میں حکمراں جماعت کی کامیابی روایت ہے جو دوہرائی گئی ہے۔

این اے 4 ضمنی انتخاب کے نتائج :

 کل 269 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ارباب عامرایوب 45734 ووٹوں کے ساتھ پہلے جب کہ ن لیگ کے ناصر موسی زئی 24796 عوامی نیشنل پارٹی کے خوشدل خان 24874 ووٹوں کے ساتھ قطار میں رہے۔

پیپلزپارٹی کے امیدوار اسد گلزار 13200 ووٹوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود رہے۔

تحریک لبیک پاکستان کے امیدوارعلامہ ڈاکٹر شفیق امینی 9935 ووٹوں کے ساتھ پانچویں، جماعت اسلامی کے واصل فاروق جان ایڈووکیٹ 7663 ووٹوں کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر ہیں۔ ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 3789 ووٹ لے سکے۔

ضمنی انتخاب کے دوران کل 3 لاکھ 97 ہزار 904 ووٹس میں سے صرف 133960 ووٹ پول ہوئے۔ 2562 ووٹ جانچ پڑتال کے عمل کے دوران مسترد قرار دیے گئے۔ یوں ضمنی انتخاب کا ٹرن آؤٹ 33 اعشاریہ 67 فیصد رہا۔

2 لاکھ 35 ہزار 164 مرد ووٹرز میں سے 96365 نے جب کہ 162740 خواتین ووٹرز میں سے 35 ہزار 505 نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

پاکستان میں انتخابی عمل کے ذمہ دار ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نتائج کا باقاعدہ اعلان تاحال باقی ہے۔

پشاور این اے 4 ضمنی انتخاب کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی رہا کہ اس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اتحادی جماعتیں براہ راست مقابلے میں تھیں۔ ن لیگ کی اتحادی جے یو آئی اور قومی وطن پارٹی نے انتخاب نہیں لڑا البتہ اے این پی میدان میں موجود تھی۔

یہی کیفیت صوبے کی اتحادی حکومت میں شامل تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی رہی، جن کے امیدوار اپنی اپنی جماعتوں کے انتخابی نشان کے ساتھ میدان میں موجود تھے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

One thought on “پشاور NA4 ضمنی انتخاب کے نتائج اور پارٹی پوزیشنز

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *