عمران خان نے تحریری معافی مانگ لی

عمران خان نے تحریری معافی مانگ لی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے اپنے خلاف جاری انتہائی حساس نوعیت کے مقدمہ میں تحریری معافی مانگ لی ہے۔

پاکستان ٹرائب اردو سروس کے مطابق عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروائے گئے تحریری معافی نامے میں توہین عدالت پر ندامت کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کو سماعت کے موقع پر انتخابی کمیشن کے رکن ارشاد قیصر نے توہین عدالت کیس کا نکتہ اٹھایا اور عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

پی ٹی آئی وکیل بابر اعوان نے جوابا کہا کہ ہم دو بار معافی مانگ چکے ہیں، معافی نامے کے لئے تحریری خط بھی لکھا جا چکا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ کیا معافی نامے کے بعد عمران خان کے الفاظ تبدیل ہو جائیں گے؟

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان تمام اداروں اور قانون کا احترام کرتے ہیں، معاملے کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔

یہ بھی دیکھیں: پشاور این اے فور ضمنی انتخاب کی لائیو اپ ڈیٹس

عمران خان کو الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کے خلاف دائر ہونے والے توہین عدالت کے مقدمہ میں طلب کیا گیا تھا۔ ان کے ہمراہ جہانگیر ترین، اور نعیم الحق بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ 14 ستمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عمران خان کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے جو 20 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے معطل کر دیے تھے۔

عمران خان نے ابتداء میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست کی تھی کہ انتخابی کمیشن ان کے خلاف توہین عدالت کے معاملہ کی سماعت نہیں کر سکتا۔

بعد ازاں عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں مسلسل پیش نہ ہونے پر پانچ رکنی انتخابی کمیشن نے 12 اکتوبر کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔ یہ وارنٹ 24 اگست کو جاری کردہ اس اظہار وجوہ کے نوٹس میں جاری ہوئے تھے جس میں عمران خان کو انتخابی عمل کے ذمہ دار ادارے کی توہین کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کا موقف رہا ہے کہ عمران خان کو سیاسی مخالفین کی ایماء پر نشانہ بنایا جا رہا ہے جب کہ ان کے سیاسی مخالف قرار دیتے ہیں کہ کپتان اپنے علاوہ کسی کو بھی صحیح ماننے پر آمادہ نہیں، اسی کفیت میں وہ تمام اداروں کی ساکھ خراب کرتے ہیں۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *