ایشیاء ہاکی کپ،آج روایتی حریف پاکستان اور انڈیا آمنے سامنے

ایشیاء ہاکی کپ،آج روایتی حریف پاکستان اور انڈیا آمنے سامنے

ڈھاکہ: ایشیا ہاکی کپ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت دوسری مرتبہ آمنے سامنے ہوں گے، بنگلادیشی دارالحکومت ڈھاکا کے مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جاری ایونٹ میں ہفتے کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت دوسری مرتبہ آمنے سامنے ہوں گے، اس سے قبل پول مرحلے میں بھارت کی ٹیم پاکستان کو 3-1 سے شکست دے چکی ہے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام اسپورٹس ڈیسک کے مطابق بھارتی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ پاکستان سپر فور راﺅنڈ میں ایک شکست اور ایک ڈرا کے بعد سب سے آخر میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

گرین شرٹس کے فائنل میں رسائی کے امکانات تقریباً معدوم ہو چکے ہیں تاہم سپر فور کے تیسرے میچ میں ان کا مقابلہ آج روایتی حریف بھارت سے ہو گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 4 بجے کھیلا جائے گا۔

یہ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کا 171 واں مقابلہ ہو گا، پاکستان ٹیم 82 میچز میں کامیاب رہی جبکہ بھارت کو 53 مرتبہ کامیابی ملی۔

پاکستان کو سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں ملائیشیا نے 3-2 سے شکست دی تھی جبکہ جنوبی کوریا سے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

قبل ازیں پول میچز میں گرین شرٹس نے میزبان بنگلہ دیش کو 7-0 سے آﺅٹ کلاس کیا تھا، جاپان کے خلاف دوسرا میچ 2-2 سے برابر رہا تھا جبکہ تیسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آج دوسرا سپر فور راﺅنڈ میچ ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا، ملائیشین ٹیم پاکستان کو ابتدائی معرکے میں شکست دینے کی وجہ سے فائنل کیلئے فیورٹ بنی ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ سپر فور راﺅنڈ میں دونوں پولز کی ٹاپ 2 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہیں، دونوں پولز کی سرفہرست ٹیموں کے مابین فائنل معرکہ اتوار 22 اکتوبر کو ہوگا جبکہ دوسری 2 ٹیمیں برانز میڈل کیلئے نبرد آزما ہوں گی۔

 

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *