جولائی کیلئے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسےفی یونٹ کمی

جولائی کیلئے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسےفی یونٹ کمی

اسلام آباد: پاکستان میں بجلی کے نرخ طے کرنے اور ان پر عملدرآمد کے ذمہ دار ادارے نیپرا نے جولائی کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کے نمائندہ اسلام آباد کے مطابق نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نوٹیفیکیشن میں جولائی کیلئے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا ہے۔

نیپرا نے ماہ جولائی کیلئے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسےفی یونٹ کمی فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ نیپرا کے تحت بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست کی عام سماعت 23 اگست کو منعقد کی گئی تھی۔

نمائندہ پاکستان ٹرائب کے مطابق بجلی قیمتوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ہونے والی گزشتہ سماعت میں واپڈا، سوئی سدرن گیس کمپنی، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، وزارت پانی و بجلی اور وزارت خزانہ سے کوئی نمائندہ اطلاع دیے جانے کے باوجود شریک نہیں ہوا تھا۔

نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی سے موصول تیل قیمتوں کا جائزہ لے کر اس بات کا اعلان کیا تھا کہ جولائی کے مہنے میں ایندھن کی اصل قیمت 4 اعشاریہ 7843 پیسے رہی جب کہ تخمینہ کردہ قیمت 6 اعشاریہ 4933 پیسے رکھی گئی تھی لہذا جولائی کیلئے فی یونٹ ایک اعشاریہ 7090 پیسے فی یونٹ کمی کی جا رہی ہے۔

پاکستان میں بجلی کی قیمتوں کا تعین جس فارمولے کے تحت کیا جاتا ہے اس میں عالمی مارکیٹ میں تیل قیمتوں کا رجحان دیکھ کر اندازا آئندہ ماہ کے بجلی بلوں کے لئے نرخ مقرر کئے جاتے ہیں۔

اس دوران اگر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہو تو صارفین کو آئندہ ماہ کے بجلی کے بلوں میں کچھ رعایت دی جاتی ہے جس کے لئے نیشنل گرڈ میں دستیاب بجلی میں تیل سے پیدا کی جانے والی بجلی کی مقدار کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

نیپرا بجلی کی قیمتوں کا درست تعین کرنے کے لئے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ (سی پی پی اے – جی) سے تیل کی حقیقی قیمتوں کی تفصیلات حاصل کرتاہے۔

نیپرا کی عام سماعت کے فیصلوں اور نوٹیفیکیشن کی اصل کاپی یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔

فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی بلوں میں کی جانے والی کمی زرعی صارفین، کے الیکٹرک اور 300 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والوں کے لئے نہیں کی جاتی۔ تاہم ایسے صارفین جو ہیوی لوڈ رکھنے والے ٹائم آف یوز (ٹی او یو) میٹرز رکھتے ہیں ان کے استعمال کی مقدار سے قطع نظر بجلی قیمتوں میں کمی کا فائدہ انہیں ضرور منتقل کیا جاتا ہے۔

نیپرا کی جانب سے جون کے مہینے میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 23 پیسے یعنی تینتیس فیصد کمی کی منظوری دی گئی تھی۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *