عمران خان کا 13 اگست کو جلسے کا اعلان

عمران خان کا 13 اگست کو جلسے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 13 اگست کو شیخ رشید احمد کے ساتھ راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کے مطابق تحریک انصاف کے مجلس عامہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ 13 اگست کو شیخ رشید کےساتھ مل کر پاکستان ڈے کا جشن منائیں گے اور نواز شریف سے زیادہ پبلک نکال کر دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاک فوج کے خلاف نریندر مودی کی زبان استعمال کررہے ہیں،  دو اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانتے۔ ان کے خلاف تو آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیئے۔

عمران خان کے مطابق  پاک فوج کو عوام کی طرف سے کہتا ہوں کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں، قوم پاک فوج اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، کوئی مظلومیت نہیں چلے گی، پوری قوم نواز شریف سے جان چھوٹنے پر خوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ  نواز شریف نے کونسا کارنامہ انجام دیا ہے جو جی ٹی روڈ پر جارہے ہیں، انہیں کوئی این آر او نہیں ملے گا، ن لیگ نے کرائے کے لوگ جمع کیے ہیں جو ایک دو گھنٹے بعد مارچ چھوڑ دیں گے۔ یہ بتائیں کہ اگر لوگ سڑکوں پر آجاتے ہیں توکیا چوری جائز ہوجائے گی؟ لوگ آبھی گئے تو مقدمات واپس نہیں ہوں گے، کل ن لیگ کی ریلی مین پٹواری آرہے ہیں، نواز شریف نے کرپشن کرکے ملک کے تمام اداروں کو مفلوج کردیا ہے۔

عمران خان کا کہناتھا کہ نوا زشریف اور ان کی پارٹی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ پریڈ گراؤنڈ جلسے جتنے لوگ جمع کرکے دکھائیں، کیا ن لیگ  کا مقصد نواز شریف کی کرپشن کو چھپانا اور اسے بچانا ہے؟یہ لوگ نیب سے خوف زدہ ہیں، عوام کے پیسے سے ریلی نکالی جارہی ہے۔ہم اس وقت سڑکوں پر نکلے جب ہمیں انصاف نہیں ملا۔ہماری تحریک میں انہیں کنٹینرز برے لگتے تھے۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم ماڈل ٹاؤن کے واقعے پر عوامی تحریک کا بھرپور ساتھ دیں گے، پوری قوم طاہرالقادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ  کسی جمہوری ملک میں مظاہرین پر شیلنگ اور گولیاں نہیں برسائی جاتیں، ماڈل ٹاؤن میں احتجاج کرنے والوں پر گولیاں برسائی گئیں، لاک ڈاؤن میں  بھی تحریک انصاف کے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  معاملہ اب الیکشن کمیشن کی طرف جارہا ہے، ہمیں الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں اور اس حوالے سے قرارداد بھی پاس کرچکے ہیں۔  ان کا کہناتھا کہ پارٹی کو الیکشن کے لیے تیار کررہے ہیں۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *