پی سی بی کو ورلڈ الیون کے دورے کا شیڈول تبدیل کرنے کی ہدایت

پی سی بی کو ورلڈ الیون کے دورے کا شیڈول تبدیل کرنے کی ہدایت

لاہور: پنجاب حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ورلڈ الیون کے مجوزہ دورے کا شیڈول تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کے مطابق پنجاب حکومت سے وابستہ ذرائع نے بتایا ہے کہ پی سی بی کو ضمنی الیکشن کے پیش نظر ورلڈ الیون کا دورہ تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت نے این اے 120 کے الیکشن کی وجہ سے ستمبر کے پہلے ہفتے میں ورلڈ الیون کے میچز کے انعقاد پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے نیا شیڈول بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے پنجاب حکومت کو 15، 17 اور 18 ستمبر کا شیڈول دیا جس پر حکومت نے اسے 15 ستمبر سے پہلے میچز کرانے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی جانب سے اب نیا شیڈول بنایا جائے گا جس کی منظوری کے بعد پنجاب حکومت باقاعدہ میچز کرانے کی اجازت دے دی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ ورلڈ الیون کے دورے کا شیڈول تبدیل کرچکا ہے، یہ پہلے ستمبر کے اواخر میں شیڈول دیا گیا تھا تاہم کھلاڑیوں کی مصروفیات اور عدم دستیابی کے سبب پی سی بی نے دورے کے لیے ستمبر کی درمیانی تاریخیں طے کی تھیں۔

دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کے سیکورٹی افسر ریگ ڈکیسن نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی سیکورٹی رپورٹ تیار کرلی ہے جو کہ آئندہ ہفتے پلیئرز ایسوسی ایشن کو حوالے کی جائے گی۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کا انتخاب اینڈی فلاور کریں گے جب کہ ٹیم کے ہر رکن کو پی سی بی کی جانب سے ایک لاکھ ڈالر کی پیشکش کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوگا۔ اس دورے کے حوالے سے خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس سے پاکستان میں گزشتہ 8 سال سے معطل انٹرنینشل کرکٹ کی بحالی کی راہ ہموار ہوسکے گی۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *