اپ ڈیٹ: پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس معطل

اسلام آباد: پاکستان کو بیرونی دنیا سے رابطے میں رکھنے کے اہم ذرائع میں سے ایک انٹرنیٹ سروسز اچانک معطل ہو گئی ہیں۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کے نمائندہ کے مطابق انٹرنیٹ سروسز میں حالیہ تعطل جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب سامنے آیا ہے۔

متعلقہ اداروں سے وابستہ ذرائع  نے پاکستان ٹرائب کو بتایا کہ زیرسمندر کیبل میں خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ سروسز کلی طور پر معطل، مسلسل کنیکٹیویٹی نہ ہونے یا پھر رفتار کی کمی کا شکار ہوئی ہیں۔

زیرسمندر انٹرنیٹ کیبل کو درپیش مسئلہ کی درست وجہ ظاہر کئے بغیر بتایا گیا ہے کہ خرابی کو درست کرنے کے لئے کام شروع کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران دوسرا موقع ہے کہ پاکستان کو بیرونی دنیا سے رابطے میں رکھنے کا ذریعہ زیرسمندر کیبل مسائل کا شکار ہوئی ہے۔

متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال خرابی درست ہونے کا حتمی وقت نہیں دیا گیا ہے۔ اس سے قبل زیرسمندر کیبل میں پیدا ہونے والی خرابی کو درست کرنے میں تقریبا 48 گھنٹے صرف ہوئے تھے۔

پاکستان میں انٹرنیٹ سروس کی حالیہ خرابی کے نتیجے میں فائبر ٹو ہوم سمیت وائرلیس انٹرنیٹ استعمال کرنے والے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

بھارت سے فرانس تک کی زیرسمندر 13 ہزار کلومیٹر طویل کیبل میں جدہ کے قریب خرابی پیدا ہوئی ہے۔ یہ بات بھی یاد رکھنے کی ہے کہ پہلے سے خراب ایک اور بین الاقوامی رابطے کی کیبل سی می وی 4 کی خرابی بھی تاحال درست نہیں کی جا سکی ہے۔

نیٹ ورکنگ ماہرین کا کہنا ہے کہ زیر سمندر کیبل کو عموما بڑی حجم کی مچھلیوں یا دیگر سمندری مخلوق کی جانب سے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ اگر چہ مذکورہ کیبل مضبوط کوٹنگ رکھتی ہے لیکن اس کے باوجود متاثر ہو جاتی ہے۔

ترجمان پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ آئی می وی میں خرابی سے پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سسٹم میں خلل پیدا ہوا ہے جسے درست کرنے کے لئے عالمی کنسورشی کا کر رہا ہے تاہم اس کی درستگی کے وقت کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ کو دوسرے کیبلز پر منتقل کرنے کے لئے کام کر رہا ہے۔

محتاظ اندازے کے مطابق پاکستان میں 18 سال سے زائد عمر کے 11 تا 19 فیصد افراد انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں، گویا ملک کی 9 کروڑ بالغ آبادی میں سے تقریبا ایک تا دو کروڑ افراد انٹرنیٹ صارفین ہیں۔

آپ جس علاقے میں موجود ہیں، وہاں بھی انٹرنیٹ سروس معطل یا رفتار آہستہ ہوئی ہے تو اپنے شہر اور انٹرنیٹ کنکشن فراہم کرنے والے ادارے کا نام نیچے فیس بک تبصرے کے سیکشن میں درج کریں۔

شاہد عباسی

پاکستانی صحافی اور ڈیجیٹل میڈیا اسٹریٹیجسٹ شاہد عباسی، پاکستان ٹرائب کے بانی، ایڈیٹر ہیں۔ پاکستان کے اولین ڈیجیٹل میڈیا صارفین میں سے ایک شاہد عباسی بلاگنگ اور خارزار صحافت کے علاوہ اپنے کریڈٹ پر دو ناولز بھی رکھتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *