قائد نے اجازت دی تو ہفتے میں پی ٹی آئی کی حکومت گرادوں گا ،امیرمقام

قائد نے اجازت دی تو ہفتے میں پی ٹی آئی کی حکومت گرادوں گا ،امیرمقام

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے کہاہے کہ تحریک انصاف ہم پر ان کی حکومت گرانے کی تیاریوں کے الزامات عائد کررہی ہے لیکن اگر میرے قائد نے اجازت دی تو ایک ہفتے میں پی ٹی آئی کی حکومت گرادوں گا ۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی کے الزامات پر تحریک انصاف نے میرے خلاف الزام تراشی کی جس پر انہیں 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجواؤں گا۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مجھے کیا ضرورت پڑی ہے کہ میں عائشہ گلالئی کو 50 کروڑ دے کر عمران خان کے خلاف بیان دلواؤں، پی ٹی آئی سربراہ کے کردار سے بنی گالہ تا امریکا سب لوگ واقف ہیں۔

امیر مقام کے مطابق میری عائشہ گلالئی سے کبھی ملاقات ہوئی اور نہ ہی میں نے کبھی فون پر رابطہ کیا۔ ہاں خاتون رکنی اسمبلی پریس کانفرنس کے بعد کچھ دیر ان سے وہاں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اخلاقی پستی اور ان کی پارٹی ٹھوٹ پھوٹ کا شکا رہے۔عمران خان دوسروں پر الزام لگارہے ہیں لیکن انہوں نے اپنی پارٹی خود تباہ کی۔ پی ٹی آئی کی 50 فیصد قیادت خود ان کے خلاف ہے، کسی کو ورغلانے کی ضرورت نہیں۔ یہ لوگ ہم پر حکومت گرانے کے الزام لگارہے ہیں، انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ قائد کی اجازت ملی تو ایک ہفتے میں پی ٹی آئی کی حکومت گرادوں گا ۔

اس موقع پر امیر مقام کا یہ بھی کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی نے سچائی اور بہادری کا مظاہر کیا۔ عمران خان پر ان کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کرپشن میں ملوث ہیں لیکن عمران خان انہیں نمبرون وزیر اعلیٰ قراردیتے ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور اس کا اعتراف صوبائی وزراء خود کررہے ہیں۔

امیر مقام کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان سیاست کا گندا انڈہ ہے اور انہوں نے ملکی سیاست کو بدترین موڑ پر لاکھڑا کیا۔ وہ خود تو 62 اور 63 کی بات کرتے ہیں لیکن ان کی جماعت میں جو شامل ہوجائے وہ صاف ہوجاتے ہیں، عمران خان بتائیں کہ کونسا شیمپو اور صابن استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا جس جس نے مجھ پر عائشہ گلالئی کو پیسے دینےکے الزامات لگائے میں انہیں عدالت لے کر جاؤں گا۔

یاد رہے کہ عائشہ گلالئی کے الزامات کو تحریک انصاف نے ن لیگ کی سازش قراردیتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے یہ سب کچھ کرنے کے لیے ن لیگ سے 50 کروڑ روپے کی رقم طے کی تھی۔

تحریک انصاف کے اس دعویٰ کی بنیاد عارف نظامی کا وہ وڈیو بیان ہے جس میں انہوں نے پی ٹی آئی کی خاتون رکن اسمبلی کے حوالے سے کہا تھا عائشہ گلالئی نے یہ ڈرامہ کرنے کے لیے ن لیگ سے پچاس کروڑ روپے لیے یا پھر لیں گے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *