پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ ہیک کر لی گئی

پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ ہیک کر لی گئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ کو ہیکرز نے اپنے قبضے میں کر کے وہاں پی ٹی آئی مخالف نعرے لکھ دیے جو کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی ویب سائٹ پر موجود تھے۔

منگل کی رات ہونے والے واقعے کے پس پردہ ہیکرز نے خود کو ‘وائس آف پاکستان، ڈیتھ ایڈیرس کریو’ کا نام دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی علیحدگی اختیار کر لینے والی رہنما عائشہ گلالئی کی جانب سے پارٹی چھوڑتے وقت عمران خان پر بدکاری کا الزام لگائے جانے کے فورا بعد ہیک ہونے والی ویب سائٹ پر انہی کے ایک بیان کا اسکرین شاٹ لگایا گیا تھا۔

تحریک انصاف کی ویب سائٹ جب تک ہیکرز کے قابو میں رہی، اس وقت تک ویب سائٹ پر مسلسل یہ پیغام درج رہا کہ ہم آپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کو دستیاب تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سائٹ کو بگاڑنے والے ہیکرز نے یہ پیغام بھی سائٹ پر دے رکھا تھا کہ ‘ہم کسی سیاسی پارٹی کے معاونین نہیں ہیں’۔

پاکستان تحریک انصاف کی سائبر ٹیم ویب سائٹ کو بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے تاہم اس رپورٹ کے فائل کئے جانے کے وقت تک سائٹ ابھی تک ہیکرز کے کنٹرول میں ہی ہے۔

پی ٹی آئی کی آفیشل ویب سائٹ ہیکنگ کا پس منظر

ویب سائٹ عائشہ گلالئی کی پریس کانفرنس کے بعد اس وقت ہیک کی گئی تھی جب انہوں نے عمران خان پر خواتین کو ہراساں کرنا اور احترام نہ کرنے کے علاوہ نازیبا پیغامات بھیجنے کے سنگین الزامات عائد کئے تھے۔

ہیکرز کی جانب سے سائٹ پر پی ٹی آئی کا حامی سمجھے جانے والے نیوز چینل اے آر وائی کا ایک اسکرین شاٹ لگایا گیا جس میں وہ تحریک انصاف میں خواتین کی عزت نہ کئے جانے کا انکشاف کررہی ہیں۔

تحریک انصاف کی سائبر ٹیم کی جانب سے ریکوری کی کوششیں شروع کرنے کے بعد اس وقت ویب سائٹ پر جانے والے وزیٹرز کو یوٹیوب پر عمران خان کی ایک ویڈیو پر ریڈائریکٹ کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈیجیٹل میڈیا کو اپنی ابلاغی حکمت عملی میں خصوصی اہمیت دی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس وقت وہ پاکستان میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ فالونگ رکھنے والی جماعت تسلیم کی جاتی ہے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *