نیاسنگ میل، ایپل نے ایک ارب 20 کروڑ آئی فونز فروخت کرڈالے

نیاسنگ میل، ایپل نے ایک ارب 20 کروڑ آئی فونز فروخت کرڈالے

کیلیفورنیا: ایک ارب بیس کروڑ آئی فونز فروخت کرنے کا سنگ میل عبور کر لینے کے بعد ایپل نے گزشتہ سہ ماہی کے متعلق توقع سے زیادہ بہتر مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام ٹیکنالوجی ڈیسک کو دستیاب تفصیلات کے مطابق ایپل کا منافع 12 فیصد بڑھ کر 8.7 ارب ڈالر اور آمدن 45.4 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔

امریکی ریاست کیلفورنیا میں صدر دفتر رکھنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے گزشتہ سہ ماہی میں 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد موبائل فونز فروخت کئے ہیں۔

آمدن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں ایپل کے شئیر کی قیمت 5 فیصد بڑھ کر 158.12 ڈالر ہو گئی ہے۔

ایپل کی جاری کردہ خبر کے مطابق سی ای او ٹم کوک کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل تیسری سہ ماہی میں اپنی خدمات کے عرص سب سے زیادہ آمدن کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

ایپل کی آمدن میں اضافہ کیسے؟
ایپل کے مطابق ڈیجیٹل مواد اور خدمات کو اپنی ڈیوائس استعمال کرنے والے صارفین کو فروخت کر کے اس کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا کر کے کپمنی سرمایہ کاروں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ وہ اپنی آمدن کے لئے آئی فونز کی فروخت پر ہی انحصار نہیں کرتی۔

یہ بھی دیکھیں: ایپل نے چپکے سے نیا آئی فون متعارف کروا دیا

ایپل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سہ ماہی کی آمدن کا اکسٹھ فیصد امریکا کے باہر سے حاصل ہوا ہے۔ جب کہ گزشتہ سال کی نسبت چین سے حاصل ہونے والی آمدن 8 فیصد کم ہوئی ہے۔

ایپل کی شئیر قیمتوں پر کتنا فرق پڑا؟

ایپل کے چیف فناننشل آفیسر لوکا میسٹری کا کہنا ہے کہ ہم نے جون میں ختم ہونے والی سہ ماہی کے لئے اپنی تمام مصنوعات کی کیٹیگریز میں اضافے اور افزائش کا رجحان دیکھا ہے۔ اس کے نتیجے میں فی شئیر آمدن میں 17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ایپل کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شئیرہولڈرز کو سترہ اگست تک فی شئیر 63 سینٹ کا ڈیویڈنڈ ادا کرے گا۔

ایپل کا اصل چیلنج اور حکمت عملی
دنیا کی مالدار ترین کمپنی کی جانب سے سہ ماہی رپورٹ بتاتی ہے کہ ادارے کی دسویں سالگرہ کے موقع پر کسی نئے آئی فون کا انتظار کرتے صارفین کے باوجود ایپل نے مثبت رجحان ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب یہ بھی حقیقت ہے کہ ایپل کو اسمارٹ فون مارکیٹ میں گوگل کے اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم استعمال کرنے والے اداروں سام سنگ وغیرہ سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔

ملتی جلتی خبر: سام سنگ نے ایپل کو پیچھے چھوڑ دیا

ایپل کی جانب سے اپنی مصنوعات میں اضافہ کر کے ایپل گھڑی، ڈیجیٹل کنٹینٹ اور دیگر خدمات کا شامل کیا جارہا ہے لیکن اب بھی آئی فون ادارے کی مجموعی آمدن میں ساٹھ فیصد حصہ رکھتا ہے۔

ماہرین کیا کہتے ہیں؟
مور انسائٹس اور اسٹریٹجی سے متعلق تجزیہ کار پیٹرک موہیڈ کا کہنا ہے کہ ایپل نے آئی فونز کی فروخت کے علاوہ دیگر مصنوعات اور خدمات کی ضمن میں بھی گزشتہ سہ ماہی کے دوران اپنی آمدن میں اضافہ کیا ہے جو مستحکم نتائج کی علامت ہے۔

ان کے مطابق ایپل نے پراڈکٹس کی آمدن میں 22 فیصد کا اضافہ کرنے کے ساتھ چین کے علاوہ تمام خطوں میں مثبت مالیاتی کارکردگی پیش کی ہے۔ دیکھنا یہ ہو گا کہ آئی فون 8 سامنے آتے وقت ایپل ارکیٹ کے لئے کتنا قابل قبول ہو گا۔

شاہد عباسی

پاکستانی صحافی اور ڈیجیٹل میڈیا اسٹریٹیجسٹ شاہد عباسی، پاکستان ٹرائب کے بانی، ایڈیٹر ہیں۔ پاکستان کے اولین ڈیجیٹل میڈیا صارفین میں سے ایک شاہد عباسی بلاگنگ اور خارزار صحافت کے علاوہ اپنے کریڈٹ پر دو ناولز بھی رکھتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *