شہبازشریف وزیراعظم، شاہد خاقان عبوری وزیراعظم ہوں گے

شہبازشریف وزیراعظم، شاہد خاقان عبوری وزیراعظم ہوں گے

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے نااہلی کا شکار ہونے والے نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ نواز کے سینئر قیادت کے اجلاس میں طے پایا ہے کہ شاہد خاقان عباسی عبوری وزیراعظم ہوں گے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کے نمائندہ اسلام آباد کے مطابق ن لیگ کے اعلی سطحی اجلاس سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو آئندہ وزیراعظم کے لئے نامزد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر کے لئے بھی شہباز شریف کو ہی منتخب کئے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے سے قبل شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم بنایا جائے گا۔

ن لیگ کی سینئر قیادت کا مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہفتے کو منعقد کیا گیا۔ جس کے بعد ایک نواز شریف نے اتحادی جماعتوں کے قائدین کو فون کر کے انہیں عبوری اور آئندہ وزیراعظم کے لئے سامنے آنے والے ناموں کے متعلق آگاہ کیا۔

عبوری وزیراعظم کے طور پر سامنے لائے گئے شاہد خاقان عباسی، ریٹائڑد ائیر کموڈور کے صاحبزادے اور پیشے کے لحاظ سے انجنئر ہیں۔ وہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد تحلیل ہونے والی کابینہ میں وزیر پٹرولیم تھے۔

آئندہ کابینہ کی نامزدگی کا اختیار بھی نااہل کئے جانے والے نواز شریف کو دیا گیا ہے۔ ن لیگ کی سینئر قیادت نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام فیصلوں کا اختیار نوازشریف کو ہی دیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں: پاناما کیس فیصلے کا مکمل اردو ترجمہ

سینئر قیادت کے اجلاس میں طے پایا ہے کہ ان فیصلوں کی توثیق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو وزیراعظم کے طور پر سامنے لانے کے لئے رکن قومی اسمبلی منتخب کروایا جائے گا۔ اس مقصد کے لئے لاہور کے حلقے این اے 120 سے انہیں منتخب کروانے کی کوشش کی جائے گی۔

آئندہ وزیراعلی پنجاب کے نام پر تاحال کوئی نام سامنے نہیں آیا ہے تاہم امکان ہے کہ شریف خاندان میں اس معاملے پر گفتگو جاری ہے

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *