ظفرعبداللہ کو قائم مقام چیئرمین ایس ای سی پی بنانے کا فیصلہ

ظفرعبداللہ کو قائم مقام چیئرمین ایس ای سی پی بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: شریف خاندان کے مالیاتی ریکارڈ میں ردوبدل پر سپریم کورٹ کے حکم پر درج مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے کے بعد ایف آئی اے حراست اور پمز اسپتال کے درمیان منتقل ہوتے ظفر حجازی کے قائم مقام کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کے نمائندہ اسلام آباد کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے قائم مقام چئیرمین کے طور پر ظفرعبداللہ کا نام طے کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں معاملے سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ای سی پی کے قائم مقام چئیرمین کے طور پر تقرر کے لئے ظفر عبداللہ کے نام کی وزارت قانون نے بھی تصدیق کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قائم مقام چئیرمین ایس ای سی پی کے طور پر تقرری کے لئے ظفر عبداللہ کا نام وزیراعظم کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ان کی جانب سے حتمی منظوری کے بعد اس کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔

دریں اثنا یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ ظفر عبداللہ کی تقرری کا نوٹیفیکیشن آج ہی جاری ہونے کا امکان ہے۔ جس کے بعد ظفر حجازی کی معطلی کا نوٹیفیکیشن بھی الگ سے جاری کیا جائے گا۔

ایس ای سی پی کے قائم مقام چئیرمین کے طور پر سامنے آنے والے ظفر عبداللہ اب بھی ادارے ہی میں سینئر کمشنر کے طور پر تعینات ہیں۔ جہاں وہ اسپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن، انفارمیشن سسٹم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

قائم مقام چئیرمین ایس ای سی پی ظفر عبداللہ کون؟
اگست 2015 میں ایس ای سی پی میں کمشنر مقرر کئے جانے والے ظفر عبداللہ کراچی یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں۔ کے پی ایم جی پاکستان سے چارٹر اکائونٹنسی کرنے کے بعد انہوں نے اشورنس، آڈٹ، فنانشل اور کارپوریٹ ایڈوائزری میں مزید تربیت حاصل کی۔

کمشنر کے عہدے پر فائز کئے جانے سے قبل وہ سیکیورٹیز مارکیٹ ڈویژن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، کراچی اسٹاک ایکسچینج کے آپریشنز کے سربراہ کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے تھے۔ سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی میں ہیڈ آف آپریشنز، دیوان مشتاق گروپ میں چیف کمپلائنس آفیسر اور کمپنی سیکرٹری، کراسبی سیکیورٹیز پاکستان لمیٹیڈ میں سی ای او بھی رہ چکے ہیں۔

ایس ای سی پی کا حصہ بننے سے قبل ظفر عبداللہ فیصل بینک کے لیگل ڈویژن کے سربراہ اور کمپنی سیکرٹری رہے تھے۔

شاہد عباسی

پاکستانی صحافی اور ڈیجیٹل میڈیا اسٹریٹیجسٹ شاہد عباسی، پاکستان ٹرائب کے بانی، ایڈیٹر ہیں۔ پاکستان کے اولین ڈیجیٹل میڈیا صارفین میں سے ایک شاہد عباسی بلاگنگ اور خارزار صحافت کے علاوہ اپنے کریڈٹ پر دو ناولز بھی رکھتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *