ماروی میمن کیلئے فرانس کا خصوصی اعزاز

ماروی میمن کیلئے فرانس کا خصوصی اعزاز

اسلام آباد: پاکستان میں قومی اسمبلی کی رکن اور حکومتی سطح پر جاری خصوصی منصوبے، بے نظیر بھٹو انکم اسپورٹ پروگرام کی چئیرپرسن ماروی میمن کیلئے فرانس کا خصوصی اعزاز نیشنل آرڈر برائے میرٹ (آرڈر نیشنل ڈی میرٹ) دیا گیا ہے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کو دستیاب تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران فرانسیسی سفیر نے ایہ اعزاز ماروی میمن کے حوالے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، سفارتی شخصیات اور ماروی میمن کے قریبی افراد بھی موجود تھے۔

نیشنل آرڈر آف میرٹ فرانس کا قومی اعزاز ہے جو فرانسیسی صدر کی جانب سے دیا جاتا ہے۔ 1963 میں اس وقت کے صدر چارلس ڈی گال کا جاری کردہ اعزاز فرانسیسی شہریوں اور غیرملکیوں کو ان کی عمدہ کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔

اپنی سیکنڈری تعلیم فرانس سے مکمل کرنے والی ماروی میمن عمدگی سے فرانسیسی زبان بولتی ہیں۔ قومی اسمبلی کے پاکستان فرانس فرینڈ شپ گروپ کی رکن ہونے کے ناطے وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اپنا کردار عمدگی سے ادا کرتی رہی ہیں۔

نجی شعبے میں کامیابی سے کردار ادا کرنے کے بعد ماروی میمن دو بار قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔ فروری 2015 میں انہیں وزیراعظم کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چئیرپرسن مقرر کیا گیا تھا۔

قومی اسمبلی میں اپنے کردار کی بدولت وہ عمومی قانون سازی کے علاوہ خواتین کے حوالے سے کام کرنے کے خصوصی شہرت رکھتی ہیں۔

ماروی میمن کیلئے فرانس کا خصوصی اعزاز کیوں؟

 دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے ان کے کردار سمیت اپنے دائرہ کار میں پاکستانی عوام کے لئے فراہم کردہ بہتر خدمات کی بدولت فرانسیسی صدر کی جانب سے ماروی میمن کے لئے نیشنل آرڈر آف میرٹ  (National Order of Merit – Ordre national du Mérite) دیا گیا ہے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *