چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کھلاڑی اختلافات کا شکار، تمام تقریبات منسوخ

چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کھلاڑی اختلافات کا شکار، تمام تقریبات منسوخ

لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو بدترین شکست سے دو چار کرنےوالی پاکستان ٹیم کے کھلاڑی ملنے والے انعامات پر اختلافات کا شکار ہوگئے اور کوئی کھلاڑی بھی کسی تقریب میں شرکت کے لیے رضا مند نہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں میں اختلافات کی اطلاعات کے بعد گرین شرٹس کے اعزاز میں شیڈول تمام تقریبات منسوخ کردی ہیں۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کے مطابق ٹیم کے بیشتر کھلاڑی کپتان سرفراز احمد اور فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی فخر زمان کو زیادہ انعامی رقم ملنے پر نالاں ہیں جب کہ کچھ نے اپنی نا پسندیدگی و ناراضگی کا برملا بھی اظہار کیا۔

پاکستان ٹیم کے اعزاز میں جمعرات کو اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران بھی سرفراز اور فخر زمان کے سوا تمام کھلاڑیوں نے انتظامیہ کی جانب سے ملنے والے 2، 2 لاکھ روپے کی چیکس واپس کردیے تھے۔

گرین شرٹس نے جمعے کو لاہور ریجن کے صدر کی جانب سے اعلان کردہ تقریب میں بھی شرکت نہیں کی۔ تقریب کے دوران فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی جانی تھی۔

گزشتہ روز بھی کراچی میں قومی ٹیم کے اعزاز میں دی جانے والی ایک تقریب میں انتظامیہ کی جانب سے صرف کپتان اور فخر زمان کے لیے پلاٹس کے اعلان پر دیگر کھلاڑی تقریب سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔

اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا تھا کہ  کھلاڑیوں کی مصروفیات کے سبب تمام تقریبات منسوخ کی گئی ہیں، نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی 22 کروڑ روپے کی انعامی رقم کے علاوہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے بھی ٹیم کے فی کھلاڑی کو ایک، ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا تھا جب کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ٹیم کے کھلاڑیوں کو عمرے پر بھیجنے کا اعلان کرکے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اس کے ساتھ ساتھ کئی بڑی نجی کمپنیوں کی جانب سے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے تاہم کھلاڑی سرفراز اور فخر کے حصے میں زیادہ رقم آنے پر خوش نہیں۔

اس صورتحال پر پی سی بی خاصا پریشانی کا شکار ہے تاہم چیئرمین شہریار خان کپتان سمیت ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو جلد اعتماد میں لیں گے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *