اقوام متحدہ نے پاکستان میں انسداد دہشتگردی کے متعلق کیس اسٹڈی جاری

اقوام متحدہ نے پاکستان میں انسداد دہشتگردی کے متعلق کیس اسٹڈی جاری

پاکستان میں انسداد دہشتگردی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لے کر ان کے نتائج کو مزید بہتر طریقے سے حاصل کرنے کے منصوبے کے تحت اقوام متحدہ نے خیبرپختونخوا میں انسداد دہشتگردی کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کو دستیاب تفصیلات کے مطابق ‘انسداد دہشتگردی کے ردعمل کا فہم – خیبرپختونخوا کے کیس کا جائزہ’ کے عنوان سے جاری کردہ کیس اسٹڈی یو این او ڈی سی نے خیبرپختونخوا کے قبائلی امور کے محکمے اور نیکٹا کے ساتھ مل کر تیار کی ہے۔ پاکستان میں انسداد دہشتگردی کے متعلق کیس اسٹڈی کو تیار کرنے کے لئے فنڈز کا اجراء یورپین یونین کی جانب سے کیا گیا تھا۔

پاکستان میں انسداد دہشتگردی کے لئے کی گئی کوششیں اور خیبرپختونخوا پر فوکس کر کے مکمل کئے گئے منصوبے کا مقصد کریمنل جسٹس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فعالیت میں اضافہ کرنا ہے تاکہ وہ انسداد دہشتگردی کے لئے مزید بہتری لا سکیں۔

رپورٹ کی تیاری سے قبل صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس، قانون اور عدلیہ کے محکموں سے تعلق رکھنے والےا فراد پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی تھی جس نے دہشتگردی کے مقابلے کے لئے کریمنل جسٹس کو بہتر کرنے کے لئے عملی تجاویز دیں۔ کمیٹی نے استعداد کار، قانونی بہتری اور طریقہ کار کے متعلق 30 تجاویز دیں۔

مذکورہ تجاویز پاکستان میں انسداد دہشتگردی کے اقدامات کے متعلق یو این او ڈی سی اور یورپین یونین کے منصوبے کے لئے روڈ میپ کا کام کریں گی۔

اقوام متحدہ کے نمائندے کیسر گویڈیس نے رپورٹ پیش کئے جانے کی تقریب کے موقع پر دی گئی تجاویز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شواہد کی بنیاد پر اختیار کردہ حکمت عملی کو خیبرپختونخوا کی انسداد دہشتگردی کوششوں کے لئے تکنیکی تعاون فراہم کرتے ہوئے جاری رکھا جائے گا۔

پاکستان میں انسداد دہشتگردی کے متعلق ادارے کیا کہتے ہیں؟

نیکٹا کے احسان غنی کا کہنا تھا کہ وفاقی ادارہ دہشتگردی کے مقابل معلومات کے تبادلے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے صوبوں سے تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے دہشتگردی کا سامنا کرنے کے لئے وفاق اور صوبوں کے درمیان مزید تعاون پر بھی زور دیا۔

خیبرپختونخوا کے سیکرٹری داخلہ سراج احمد کا کہنا تھا کہ حالیہ مشق انسداد دہشتگردی کے لئے صوبے کے مستحکم عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ہم کریمنل جسٹس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والےا داروں کے درمیان مستحکم ربط چاہتے ہیں۔

رپورٹ کی رونمائی کے موقع پر یورپین یونین کے سفیر فینکوئس کوٹین کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان موجود تعاون کا اہم موضوع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج رونما کی گئی رپورٹ یورپی یونین کی جانب سے 70 لاکھ یورو مالیت کے انسداد دہشتگردی منصوبے کا ابتدائی قدم ہے۔ یہ واضح کرتا ہے کہ کریمنل جسٹس کے لئے کام کرنے والے تمام اداروں کے درمیان بہتر تعاون ہی کامیابی کی جانب لے جا سکتا ہے۔

پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس یحی آفریدی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی جانب سے خیبرپختوانخوا کے ساتھ تعاون سراہے جانے کے قابل ہے۔ دہشتگردی کے عفریت کا مقابلہ متحد ہو کر ہی کیا جا سکتا ہے۔

شاہد عباسی

پاکستانی صحافی اور ڈیجیٹل میڈیا اسٹریٹیجسٹ شاہد عباسی، پاکستان ٹرائب کے بانی، ایڈیٹر ہیں۔ پاکستان کے اولین ڈیجیٹل میڈیا صارفین میں سے ایک شاہد عباسی بلاگنگ اور خارزار صحافت کے علاوہ اپنے کریڈٹ پر دو ناولز بھی رکھتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *