ٹیکنالوجی ٹرانسفر کیلئے پاکستان میں چین نے سینٹر شروع کردیا

ٹیکنالوجی ٹرانسفر کیلئے پاکستان میں چین نے سینٹر شروع کردیا

اسلام آباد: ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے تحت انفراسٹرکچر کی تعمیر و بہتری کے علاوہ چینی منصوبے میں شامل رکن ممالک کو ٹیکنالوجی منتقلی کے لئے بیجنگ نے پاکستان میں پہلے چین-جنوبی ایشیاء ٹیکنالوجی ٹرانسفر سینٹر کا آغاز کر دیا ہے۔

قبل ازیں چین کی قیادت یہ بات کہہ چکی ہے کہ وہ جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے ذریعے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ رکن ممالک کو ٹیکنالوجی بھی منتقل کریں گے۔

پاکستان میں چین کی جانب سے شروع کئے گئے ٹیکنالوجی ٹرانسفر سینٹر China-South Asia Technology Transfer Center (CSTTC) کے ذریعے مقامی صنعتوں کی ترقی اور ان میں بہتری لانے کی سہولیات حاصل ہو سکیں گے۔

پاکستان میں اپنی نوعیت کے اس اولین منصوبے کا اعلان چین کے نائب وزیراعظم اور ٹیکنالوجی کےوزیر وان گانگ نے چین-جنوبی ایشیاء ٹیکنالوجی ٹرانسفر سینٹر (سی ایس ٹی ٹی سی) کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

نئے مرکز کا افتتاح مشترکہ طور پر پاکستان کے وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور چین کے نائب وزیراعظم اور وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کیا۔

 سی ایس ٹی ٹی سی نامی پروگرام چین میں پہلی بار 2015 میں شروع کیا گیا تھا جس کے بعد یہ چین کے باہر ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے قائم کیا جانے والا پہلا مرکز ہے۔

سی ایس ٹی ٹی سی کا آغاز اسلام آباد میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ماتحت ادارے پاکستان کونسل برائے سائنٹیفک اور انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) کے صدر دفتر میں کیا گیا ہے۔

پاکستانی اور چینی حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ نیا ادارہ دونوں ملکوں کے درمیان ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ باہمی منصوبوں میں بھی بہتری لائے گا۔

پی سی ایس آئی آر کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد عالم کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق چین پاکستان اور دیگر رکن ممالک کو مالی تعاون فراہم کرے گا جس کے نتیجے میں ٹیکنالوجی کی ترقی اور منتقلی کے لئے تحقیقی لیبارٹریز قائم کی جائیں گی۔

چین اور پاکستان سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مشترکہ کمیٹی بنائیں گے۔ جب کہ دونوں ملک مشترکہ طور پر ٹیکنالوجی کے شعبے میں 26 ریسرچز پر کام کریں گے۔

ڈاکٹر شہزاد عالم نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں ملکوں نے مذکورہ منصوبوں پر کام آگے بڑھانے کے لئے باہمی یادداشت یعنی ایم او یو پر دستخط کر دیے ہیں۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *