پاناما کیس،جے آئی ٹی آج حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گی

پاناما کیس،جے آئی ٹی آج حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرے گی

اسلام آباد: پاناماکیس کی جے آئی ٹی کی کارروائی مکمل ہوگئی،رپورٹ آج سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام کے مطابق پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی 6رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم آج اپنی رپورٹ سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ کے سامنے پیش کرے گی،ٹیم نے تحقیقات کے حوالے سے مختلف مراحل سے گزر کر رپورٹ تیار کی۔

رپورٹ کے مطابق 7مئی کو تشکیل دی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیاء کررہے ہیں،ٹیم نے مجموعی طور پر 62دن بلا ناغہ کام کیا ۔

اس دوران ٹیم نے وزیراعظم نواز شریف،ان کے دو بیٹوں حسین نواز،حسن نواز اور صاحبزادی مریم نواز سمیت شریف خاندان کے دیگر اہم افراد کے بیانات قلمبند کیے۔

ٹیم نے وزیراعظم کے بھائی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،وزیراعظم کے قریبی عزیز طارق شفیع،جاوید کیانی،وزیراعظم کے سمدھی و وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے کلاس فیلو اور نیشنل بینک کے صدر سعید احمد چمن کے بیانات بھی قلمبند کیے۔

ٹیم نے تحقیقات کے دوران چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری سے بھی حدیبیہ پیپرملز کیس کے بارے بیانات قلمبند کیے۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے حدیبیہ پیپر ملز کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر بشارت شہزاد اور جاتی امرا پراپرٹی کی تحقیقات کرنے والے سابق ایف آئی اے افسر جاوید علی شاہ سے بھی کیس کا پس منظر جانا۔

سپریم کورٹ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو پیر 10جولائی تک کام مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کررکھی ہے۔

سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ آسمان گرے یا زمین پھٹے،جے آئی ٹی دی گئی مدت کےد وران ہی کام مکمل کرے گی،اس کی مدت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

دوسری طرف حکومت نے قطری شہزادے کےبیان کے بغیر رپورٹ کو تسلیم کرنے سے انکار کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اس حوالے سے کہا ہے کہ جے آئی ٹی بنانے کا مقصد کچھ اور تھا، مگر اس نے کوئی اور کام دھندا شروع کردیا۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حسین نوازکی تصویرلیک کرنے والی جے آئی ٹی اب پوری کارروائی ریلیزکرے ۔

رپورٹ کے مطابق جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں وزیراعظم کے بیٹوں کو قصور وار پایا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے اطراف سخت سکیورٹی کا انتظام ہے،پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

 

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *