کشمیرکی آزادی امت مسلمہ پرفرض،ایرانی سپریم لیڈر

کشمیرکی آزادی امت مسلمہ پرفرض،ایرانی سپریم لیڈر

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھارتی زیرتسلط مقبوضہ کشمیر کے متعلق اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد پوری امت مسلمہ کا فرض ہے۔

ستر سالوں سے بھارتی ظلم و تشدد اور انسانیت سوز سلوک کا سامنا کرتے مقبوضہ کشمیر کے متعلق سات سال بعد سامنے آنے والے بیان میں ایرانی رہنما کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان کو کشمیر کے لوگوں کے حق میں کھلے عام بات کرنی چاہئے۔

آیت اللہ حامنہ ای کا عید پر جاری کردہ پیغام میں کہنا تھا کہ یمن،بحرین اور کشمیر میں صورتحال ایک جیسی ہے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام ورلڈ ڈیسک کو ایرانی میڈیا سے دستیاب رپورٹس کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کی جانب سے کشمیر کے متعلق سامنے آنے والے بیان پر بھارت نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کی مضبوط علامت سید صلاح الدین اور حزب المجاہدین کو دہشتگرد قرار دیا ہے۔

پاکستان نے امریکی اقدام پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حامی کو دہشتگرد قرار دینا قابل افسوس ہے۔ منگل کو پاکستان نے واضح کیا تھا کہ کشمیر کےمسئلہ کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے۔

یاد رہے کہ ستر برسوں سے بھارتی غاصبانہ قبضے اور انسانیت سوز سلوک کے خلاف جدوجہد کرتے کشمیریوں کی کاوشوں میں گزشتہ برس جولائی میں شہید کئے گئے 22 سالہ نوجوان برہان مظفر وانی کے واقعہ کے بعد نئی شدت پیدا ہوئی ہے۔ اس عرصہ میں مقبوضہ کشمیر کی نوجوان نسل بلاخوف ہو کر بھارتی فوج کے جبروتشدد کے سامنے سینہ سپر ہوئی ہے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *