چیمپئنز کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں،صوبائی حکومتوں نے پولیس کو الرٹ کر دیا

چیمپئنز کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں،صوبائی حکومتوں نے پولیس کو الرٹ کر دیا

کراچی/لاہور/اسلام آباد:وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے قومی ٹیم کی وطن واپسی پر وی آئی پی پروٹوکول دینے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام اسپورٹس ڈیسک کے مطابق سندھ حکومت نے قومی ٹیم کے چیمپئنز کا وطن واپسی کا شاندار استقبال کرنے کا اعلان کر دیا ہے،دوسری جانب پنجاب حکومت بھی آج رات وطن واپس پہنچنے والے کھلاڑیوں کا سرکاری طور پر استقبال کرے گی۔

ذرائع کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل جیتنے والے کپتان سرفراز احمد منگل کی صبح کراچی پہنچیں گے۔

سرفراز احمد کی آمد کے پیش نظر وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے انہیں وی آئی پی پروٹوکول فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم اور کپتان کو پورے اعزاز کے ساتھ گھر لے جایا جائے گا۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی سرفراز احمد کی وطن واپسی کے موقع پر سخت سیکیورٹی اقدامات کی ہدایت کردی ہے ۔ آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو ایئر پورٹ سے گھر تک سخت سیکیورٹی میں لے جایا جائے گا،ان کی سیکیورٹی کے فرائض کراچی پولیس سر انجام دے گی۔

علاوہ ازیں چیمپئنز ٹرافی سکواڈ میں شامل 4 کھلاڑی بابر اعظم، احمد شہزاد، فہیم اشرف اور حسن علی پیر کی شب دو بجے لاہور ایئر پورٹ پر پہنچیں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے چاروں کھلاڑیوں کا سرکاری طور پر استقبال کیا جائے گا۔

فاسٹ بالر حسن علی کی والدہ  نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے لیے دنبے کا گوشت بنا رہی ہیں۔ حسن علی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کو مسور کی دال اور سفید چاول پسند ہیں۔

حسن علی کے والد نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسن علی نے نا صرف میرا بلکہ ساری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *