چھوٹے ورلڈ کپ کے بڑے فائنل نے سارے ریکارڈتوڑڈالے

چھوٹے ورلڈ کپ کے بڑے فائنل نے سارے ریکارڈتوڑڈالے

اوول: پاکستان اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی یعنی منی ورلڈ کپ کا بڑا فائنل شائقین کی دلچسپی کی بدولت سارے ریکارڈز توڑ کربہت خاص موقع بن گیا۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام اسپورٹس ڈیسک کے مطابق عالمی مقابلوں میں پاکستان اور انڈیا کے میچز ہمیشہ سے ہی شائقین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب مائل رکھتے ہیں۔ تاہم اتوار 18 جون کو کھیلے جانے والے فائنل نے اس سلسلے میں گزشتہ سارے ریکارڈز چھوٹے کردیے۔

بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی اوپنرز جوڑے نے اس فیصلے کو مکمل غلط ثابت کیا۔ 128 رنز کی شراکت کے بعد بھارتی ٹیم کو پہلی وکٹ ملی تو اظہر علی 59 رنز بنا چکے تھے۔

دوسری کمیابی کے لئے انڈین ٹیم کو پھر طویل انتظار کرنا پڑا۔ 12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سنچری اننگ کھیلنے کے بعد فخر زمان آئوٹ ہوئے تو پاکستان کا مجموعی اسکور 200 رنز ہو چکا تھا۔

پاکستانی اوپنرز نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے کسی بھی مقابلے میں پاکستان کے لئے سب سے بڑی شراکت کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز عامر سہیل اور سعید انور کے پاس تھا جو انہوں نے بنگلور میں 84 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں یہ دوسرے بار ہوا کہ گرین شرٹ اوپنرز نے ایشیا کے باہر ہونے والے مقابلے میں 100 سے زیادہ رنز کی شراکت قائم کی۔

فخر زمان سنچری اننگ کھیل کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 100 سے زائد رنز بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے،اس سے قبل یہ اعزاز سعید انور اور شعیب ملک کو حاصل تھا۔

چھوٹے ورلڈ کپ کے بڑے فائنل میں شائقین کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوٹر پر ٹرینڈ لسٹ میں صرف فائنل مقابلہ اور اس کے کردار یعنی کھلاڑی چھائے رہے۔

مسلسل تین روز سے ٹوٹر ٹرینڈرز میں ٹاپ پر رہنے والے #PAKvIND سمیت #CT2017Final اور #ChampionsTrophyFinal نے شائقین کو مصروف رکھا جب کہ #KashmirInStadium نے عالمی کرکٹ شائقین کو بھارت کا اصل چہرہ دکھانے میں بھی معاونت فراہم کی۔

2013 میں ہونے والا چیمپئنز ٹرافی فائنل اب تک کا اکلوتا موقع تھا جس میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ دیگر پانچوں فائنلز میں ہدف حاصل کرنے کے لئے دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم فاتح رہی۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے تحت ہونے والے کسی بھی کرکٹ مقابلے میں سب سے زیادہ ویورشپ کا اعزاز پاکستان اور بھارت ہی کے میچز کو حاصل ہے۔ آج کے میچ سے قبل آئی سی سی کے پانچ بڑے مقابلوں میں سے تین دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے گئے تھے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آج کے میچ کی ویورشپ کے نتائج سامنے آنے کے بعد یہ بھی یقینی طور پر ایک بڑا مقابلہ ثابت ہو گا۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *