پاکستان نے سری لنکا کو بڑا ہدف دینے سے روک دیا

پاکستان نے سری لنکا کو بڑا ہدف دینے سے روک دیا

کارڈف:پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اعشاریہ 2 اوررز میں 236 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام اسپورٹس ڈیسک کے مطابق سری لنکا نے چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 237  رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

میچ کے آغاز میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اننگ کا آغاز کرنے سری لنکن ٹیم میدان میں آئی تو سری لنکن ٹیم کو پہلا دھچکا 26 رنز کے مجموعی اسکور پر لگا جب دھنوشکا 13 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

ان کے بعد ڈیکویلا اور مینڈس نے اسکور کو ذمہ دارانہ انداز میں آگے بڑھایا لیکن مینڈس 82 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

مینڈس کے بعد چندی مال میدان میں دیکویلا کا ساتھ دینے کو آئے لیکن فہیم اشرف کی گیند پر بغیر کوئی کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

چندی مال کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی میتھیو تھے جو 39 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند کا شکار ہو گئے،ان کے بعد ڈی سلوا میدان میں آئے تو محض ایک رنز بنا کر جنید خان کی گیند کا شکار ہو گئے۔

سری لنکن ٹیم کر بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اوپنر ڈیکویلا 73 رنز بنا کر 167 رنز کے مجموعی اسکور پرمحمد  عامر کا شکار بن گئے۔

پریرا میدان میں آئے لیکن سابقہ کھلاڑیوں کی دیکھا دیکھی ایک رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر میدان سے چلتے بنے۔ راس لکمل نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن حسن علی کی گھومتی گیند کو نہ سمجھ سکے اور 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

گناراتنے 27 رنز بنا کر حسن علی کو تیسری کامیابی دے کرآؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان 40 جب کہ حسن علی نے 49  رنز دے کر 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،محمد عامر 48 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

سری لنکا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پردیپ تھے جو فہیم اشرف کو دوسری کامیاب دے کر آؤٹ ہوئے۔

یاد رہے اس سے قبل گروپ بی میں بھارت سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جب کہ پاکستان اور سری لنکا کا امتحان کارڈف میں جاری ہے،آج کے میچ میں جیتنے والی ٹیم دوسری ٹیم کی وطن واپسی کا ٹکٹ کٹائے گی۔

دوسری جانب گروپ اے کی ٹیموں میں بنگہ دیش اور انگلینڈ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

 

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *