ورلڈ الیون کا کراچی جانے سے انکار،آئی سی سی کا واضح اعلان

ورلڈ الیون کا کراچی جانے سے انکار،آئی سی سی کا واضح اعلان

اسلام آباد:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے سیکیورٹی خدشات کے سبب ورلڈ الیون کے میچز کراچی میں کرانے سے انکار کر دیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ ورلڈ الیون کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ٹرائب کے اسپورٹس ڈیسک سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)شہریار خان نے بدھ کو سول اور فوجی اداروں سے ملاقات کے بعد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی نے ورلڈ الیون کے میچز کراچی میں کرانے سے انکار کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی کوشش ہے کہ کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو اور ہم ورلڈ الیون کے میچز کراچی میں کرانا چاہتے تھے مگر آئی سی سی کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی جس کے باعث ورلڈ الیون کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کوششوں کے طور پر آئی سی سی رواں سال ستمبر میں ورلڈ الیون کا پاکستان کا دورہ کرائے گی جس میں موجودہ دور کے بڑے کھلاڑی شامل ہوں گے۔

شہریار خان نے بتایا کہ انہوں نے دورہ کراچی میں سول اور دفاعی اداروں سے ملاقات کی اور دونوں نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے فول پروف سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی کا دہرا معیار نہیں ہے،محمد نواز کے کیس کے بارے میں معلومات ہی ابھی ملی ہیں تو انہیں پہلے معطل کیسے کردیتے؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر محمد نواز کو گزشتہ روز نوٹس آف چارج جاری کردیا تھا۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *