چوتھے ٹی ٹونٹی میں فتح،سیریزپاکستان کے نام

چوتھے ٹی ٹونٹی میں فتح،سیریزپاکستان کے نام

پورٹ آف اسپین: پاکستان کرکٹ ٹیم نے کوئنز پارک اوول گرائونڈ میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز تین ایک سے اپنے نام کر لی۔

اس کامیابی میں جہاں پاکستانی بالرز نے اپنا حصہ ڈالا وہیں باری آنے پر بیٹسمین بھی پیچھے نہیں رہے اور احمدشہزاد،بابر اعظم نے مشترکہ طور پر میچ کو کامیابی کے قریب پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام اسپورٹس ڈیسک کے مطابق اتوار کو پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹونٹی میں میچ میں ٹاس جیت کر پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

میزبان ٹیم پاکستانی سائیڈ کے فیصلہ کو اپنے حق میں کرنے میں ناکام رہی اورمقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محض 124 رنز بنا کر مقابلہ گرین شرٹس کے حوالے کردیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے بریتھویٹ 37 ناٹ آئوٹ والٹن 40 اور سیموئلز 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستانی بالرز میں سے شاداب خاب نے ایک بار پھر کفایتی بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض 2 جب کہ حسن علی نے محض 12 رنز کے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ رومان رئیس،وہاب ریاض اور عماد وسیم ایک ایک کھلاڑیوں کو آئوٹ کر سکے۔

پاکستانی اوپنرز نے بیٹنگ شروع کی تو ابتدا ہی سے میزبان ٹیم کو دبائو میں لینے کی کوششیں جاری رکھیں۔ پاکستانی اننگ کے ابتدائی 6 اوورز پورے ہوئے تو گرین شرٹس کااسکور بغیرکسی نقصان کے 39 ہو چکا تھا۔

پہلے احمد شہزاد اور پھر بابر اعظم نے گزرتے اوورز کے ساتھ ٹیم کو کامیابی کے قریب لے جانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ پندرہ اوور کا کھیل مکمل ہوا تو پاکستانی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر102 رنز جوڑ چکی تھی۔

احمدشہزاد نے 43 بالوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ 53 رنز بنا کر لیگ پر پڑھنے والی ولیم کی بال کو صحیح اندازہ نہ کرسکنے کی وجہ سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

اگلے ہی اوور میں ایک تیز شاٹ کھیلتے ہوئے بابر اعظم بھی 36 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہو گئے۔ تیسری وکٹ گری تو پاکستان کا اسکور آٹھارہویں اوور میں 115 ہو چکا تھا۔

اس موقع پر کپتان سرفراز خود کھیلنے آئے اور کچھ دیر قبل کریز پر آئے شعیب ملک کے ساتھ مل کر میچ کو اپنی ٹیم کے حق میں کامیاب اختتام تک پہنچایا۔

یاد رہے کہ حالیہ سیریز کے ابتدائی دو میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہی پاکستانی ٹیم نے اپنی ٹی ٹونٹی رینکنگ بہتر کرتے ہوئے چوتھی پوزیشن پرقبضہ جما لیا ہے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *