غیر اخلاقی جملے،شرمناک مناظر!پیمرا کی پابندی

غیر اخلاقی جملے،شرمناک مناظر!پیمرا کی پابندی

اسلام آباد:پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا)نے نامناسب اور قابلِ اعتراض مناظر دکھانے پر جیو نیوز کے مارننگ شو”جیو پاکستان”کو5دن کے لیے معطل کرتے ہوئے چینل پر10لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

پاکستان ٹرائب کو دستیاب اطلاعات کے مطابق پیمرا کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پروگرام پر پابندی کا آغاز3اپریل سے ہوگا جو7اپریل تک جاری رہے گی۔

پیمرا کا کہنا ہے کہ17مارچ کے مارننگ شو میں جیو نے قابل اعتراض مواد نشر کرکے الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق2015کی متعدد دفعات کی خلاف ورزی کی لہذا پیمرا آرڈیننس2002(ترمیمی ایکٹ2007)کی دفعات27اور29کے تحت پروگرام پر5روز کی پابندی اور چینل پر10لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

پیمرا کے حکم نامے میں جیو نیوز کو تنبیہ کی گئی ہے کہ چینل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے ادارے کی نگراں کمیٹی کو فعال بنائے اور نشریات میں تاخیری نظام کو نافذ کرے۔

پریس ریلیز کے مطابق پیمرا کے حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس2002کی دفعہ30کے تحت لائسنس معطلی کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں پیمرا نے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی پر عامر لیاقت حسین اور ان کے بول نیوز پر نشر ہونے والے پروگرام”ایسا نہیں چلے گا”پر بھی پابندی عائد کی تھی۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *