کےالیکٹرک کیخلاف ہرصورت دھرناہو گا،جماعت اسلامی

کےالیکٹرک کیخلاف ہرصورت دھرناہو گا،جماعت اسلامی

کراچی:پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں پولیس نے جماعت اسلامی کے دفتر ادارہ نور حق کو گھیرے میں لے کر شارع فیصل پر جماعت اسلامی کا احتجاجی کیمپ اکھاڑ دیا ہے جبکہ ادارہ میں لوگوں کی آمدورفت بھی روک دی۔

پاکستان ٹرائب کو دستیاب اطلاعات کے مطابق حافظ نعیم نے ادارہ نور حق سے نکلنے کی تیاری کی تو پولیس نے ناکہ بندی کر دی جماعت اسلامی نے شارع فیصل پر کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کے لیے کیمپ لگا رکھا تھا جسے کراچی پولیس نے اکھاڑ دیا ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ پولیس نےڈاکٹر فرخ سمیت3کارکنوں کوحراست میں لے لیا حافظ نعیم نے ادارہ نور حق سے نکلنے کی تیاری کی تو پولیس نے ناکہ بندی کردی۔

جماعت اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم ادارہ  نورحق میں ہی موجود تھے،پولیس نے ادارہ نورحق کو گھیرے میں لےلیا۔

ادارہ نور حق کو گھیرے میں لینے پر ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ پولیس کراچی کےشہریوں کاساتھ دے،شہریوں پرزیادتیاں حدسے گزرگئی ہیں،دھرنا ہرصورت میں ہوگا۔

نمائندہ پاکستان ٹرائب کے مطابق بعدازاں پولیس نے جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ انجنئیر حافظ نعیم الرحمن،امیر ضلع شرقی یونس بارائی،جماعت اسلامی کراچی الیکٹرانک میڈیا انچارج سلمان شیخ سمیت متعدد قائدین اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

یاد رہے کہ جماعت اسلامی نے لوڈشیڈنگ کے خلاف دھرنے کا اعلان کررکھا تھا تاہم پولیس نے نہ صرف سیاسی جماعت کے احتجاجی کیمپ اکھاڑ دئیے بلکہ کئی کارکنوں کی گرفتاری کی وجہ سے پولیس اور کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی کےکارکنان پولیس کاگھیراتوڑ کر ادارہ نورحق سے باہر نکل آئے جہاں پولیس نے حافظ نعیم کو موبائل میں بیٹھانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں پولیس اور کارکنوں میں ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔ تاہم بعد میں حافظ نعیم کی گرفتاری کے بعد جماعت اسلامی کے کئی کارکنوں نے بھی گرفتاریاں دے دیں۔

پولیس نے موقف اختیار کیا کہ جماعت اسلامی شارع فیصل جیسی مصروف سڑک کو بند کرنا چاہ رہی تھی،تاہم جماعت اسلامی ترجمان کا کہنا ہے کہ مسئلہ شارع فیصل نہیں عوامی مسائل کی آواز بلند کرنے کا اچھا نہ لگنا ہے۔

پولیس کی جانب سے گرفتاری کے بعد تھانے منتقل کئے جانے کے بعد جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ نے کارکنوں کے ہمراہ تھانے میں ہی دھرنا دے دیا۔

جماعت اسلامی کراچی سے وابستہ اعلی سطحی ذریعے نے پاکستان ٹرائب کو بتایا کہ کراچی کے عوام کے دیرینہ مسئلے کو حل ہونے سے روکنے کے لئے پوری مشینری فعال ہے۔ احتجاجی پروگرام کے لئے اخبارات میں اشتہار دینے کی کوشش کی گئی تو جواب ملا کے کے الیکٹرک ہمارا کلائنٹ ہے اس کے خلاف اشتہار نہیں چھاپ سکتے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *