وسیم اکرم کو بیان دینے کیلئے نوٹس جاری

وسیم اکرم کو بیان دینے کیلئے نوٹس جاری

کراچی: دو الگ الگ اطلاعات میں دعوی کیا گیا ہے کہ سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم کی گرفتاری کیلئے وارنٹ یا پھر انہیں بیان دینے کے لئے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹرائب ڈاٹ کام اسپورٹس ڈیسک کے مطابق سابق کپتان وسیم اکرم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے یا انہیں بیان کے لئے نوٹس جاری کرنے کے متعلق اطلاعات منگل کی شام سامنے آئی ہیں۔

سینئیر اسپورٹس جرنلسٹ زبیر نزیر خان کے مطابق وسیم اکرم کے وارنٹ گرفتاری کراچی کے علاقے کارساز میں ہونے والی فائرنگ کیس میں جاری کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کو بیان دینے کے لئے نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں انہیں 17 جنوری کو بیان ریکارڈ کروانے کا کہا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وسیم اکرم پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ تقریبا سبھی میڈیا ہاؤسز کی جانب سے کور کیا گیا تھا جب کہ بین الاقوامی میڈیا نے بھی اسے نمایاں کوریج دی تھی۔

بیان کے لئے نوٹس یا وارنٹ گرفتاری سے جڑی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ واقعہ کے متعلق جاری عدالتی کارروائی میں حاضر ہونے کے لئے سابق کپتان کو بار بار کہا گیا لیکن وہ احکامات کی پیروی میں ناکام رہے۔ جس کے بعد مقامی عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔

عدالتی کارروائی کے ریکارڈ کے مطابق وسیم اکرم گذشتہ 31 سماعتوں سے گواہی کے لئے پیش نہیں ہورہے ۔ جب کہ اس واقعہ کا مقدمہ بھی وسیم اکرم ہی کی مدعیت میں کراچی کے بہادرآباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

وسیم اکرم نے میجر رئٹائرڈ عامر و دیگر کے خلاف درج کروائے جانے والے مقدمہ میں موقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں۔

ماضی میں یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ فائرنگ واقعہ میں وسیم اکرم اور مدعاعلیہ پارٹی کے درمیان صلح ہو چکی ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ اس پیش رفت کے متعلق عدالت کو آگاہ کیا گیا تھا یا نہیں۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *