“آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا”وزیراعظم

“آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا”وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔

دی نیوز ٹرائب کے نمائندہ اسلام آباد کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں جاری قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے خاتمے پر جاری ہونے والے سرکاری بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کرنے کی کوشش کرے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

اجلاس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال اور دیگر امور پر غور کیا گیا جبکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بریفنگ دی جس پر شرکاءنے تشویش کا اظہار کیا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں عالمی برادری اور حقوق انسانیت کی عملبردار تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ مقوضہ کشمیر میں چھرے والی بندوقوں کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے جائزے کے لئے مبصر مشن بھیجے۔

کمیٹی ممبران کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے رجوع کرے گا اور دنیا کو کشمیر کی اصل تصویر دیکھائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں کشمیریوں کو تنہاءنہیں چھوڑیں گے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہئے کیونکہ اس کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ہے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔

افواج پاکستان کے سربراہوں کی موجودگی میں ہونے والے اس اجلاس میں حکومت نے آپریشن ضرب عضب کے اب تک کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

پاک افغان بارڈر پر بات کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موثر بارڈر مینجمنٹ کا نظام متعارف کروایا جائے گا۔

یاد رہے کہ آج اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی شریک ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، وفاقی کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *