“بھارت کو اپنی شکست تسلیم کر لینی چاہیئے”

“بھارت کو اپنی شکست تسلیم کر لینی چاہیئے”

لاہور:وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی لہر اب تھمنے والی نہیں بھارت کو اب اپنی شکست تسلیم کر لینی چاہیئے۔

دی نیوز ٹرائب کے نمائندہ لاہور کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے مقبوضہ وادی سمیت پاکستان بھر میں یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی مظالم نے دنیا کو اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے وادی میں مسلسل انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔

بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ مناتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بھارت کا کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دینے کی بات مضحکہ خیزہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری یاد رکھے کہ پاکستان اس مسئلہ کا ایک فریق ہے۔

وادی میں ہونے والے ظلم و ستم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کی بے حرمتی کے واقعات تشویشناک حد تک بڑھ رہے ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیر کو متنازع علاقہ قرار دیا ہے لیکن بھارت کشمیر کو اپنا داخلی مسئلہ کہتا ہے جو کہ اپنی جگہ تشویش کی بات ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت سمجھ لے کہ عوام ارادہ کر لیں تو ہتھیار بھی انھیں روک نہیں سکتا،بھارت لوگوں کے ذہنوں پر تالے لگا سکتا ہے نہ آواز دبا سکتا ہے۔

کشمیر میں جاری آزادی کی لہر اور بھارتی فوج کے بڑھتے مظالم پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بھارت کو اب اپنی شکست تسلیم کر لینی چاہیئے کیونکہ کسی کو انسانیت کے مسلمہ اصول پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔

اقوام متحدہ کو مخاطب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اقوام متحدہ کا موضوع کیوں نہیں ہے؟

وزیر اعظم نواز شریف نے اعلان کیا کہ یوم سیاہ کے موقع پر تمام سرکاری اہلکار بازو پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔

یاد رہے کہ 20جولائی کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف پاکستان یوم سیاہ منا رہا ہے۔

ویب ڈیسک

یہ پاکستان ٹرائب کا آفیشل ویب ڈیسک اکاؤنٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *